کراچی: شہر قائد کے علاقے بلوچ کالونی سے متصل ایڈمن سوسائٹی میں منہدم ہونے والی چھ منزلہ عمارت کے ملبے سے سرچ آپریشن کے دوران مزید دو افراد کی لاشیں نکال لی گئیں، جس کے بعد افسوسناک حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 15 ہوگئی۔ریسکیو 1122 سندھ کے ترجمان کے مطابق چودھویں لاش کی شناخت عباس علی ولد راہب خان جبکہ پندرھویں لاش کی شناخت محمد مفید ولد غمین گل کے نام سے ہوئی ہے۔چھیپا حکام کے مطابق متوفی عباس علی کی لاش کو قانونی کارروائی کے بعد چھیپا سرد خانے منتقل کردیا گیا ہے۔ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق افراد کے لواحقین سے رابطہ کیا جارہا ہے۔ تاہم ریسکیو اہلکار مزید لاپتہ افراد کو ملبے سے نکالنے میں مصروف ہیں ،منوں ملبے تلے دبے مزید تین لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔واضح رہے کہ کراچی ایڈمن سوسائٹی میں چھ منزلہ رہائشی عمارت اچانک منہدم ہوگئی تھی، جس کے نتیجے میں متعدد افراد ملبے تلے دب گئے تھے۔واقعے کے بعد ریسکیو 1122، فائر بریگیڈ اور دیگر امدادی اداروں نے کئی روز سے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری رکھا ہوا ہے، جس کے دوران وقفے وقفے سے ملبے سے لاشیں نکالی جاتی رہی ہیں۔