بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن نے مقبول کوئز شو ’کون بنے گا کروڑ پتی‘ کے 18ویں سیزن میں اپنی گھریلو زندگی سے متعلق ایک دلچسپ بات بتاتے ہوئے مزاحیہ انداز میں شکایت کی کہ انہیں اپنے ہی گھر میں صرف ایک کمرہ ملا ہوا ہے، جبکہ باقی کمروں پر ان کی اہلیہ جیا بچن کا قبضہ ہے۔شو کے دوران ہاٹ سیٹ پر موجود امیدوار دیپک نے بتایا کہ وہ دیواروں پر مصوری کرنے کا کام کرتے ہیں۔ ان کے فن سے متاثر ہوکر امیتابھ بچن نے بھی اپنے کمرے کی دیواروں پر اسی طرح کا کام کروانے کی خواہش ظاہر کی۔ اسی گفتگو کے دوران انہوں نے ہنستے ہوئے بتایا کہ گھر میں جیا بچن کے لیے کھانے کا الگ کمرہ، بیٹھنے کا الگ کمرہ اور دیگر ضروریات کے لیے بھی علیحدہ جگہیں موجود ہیں، جس کے باعث ان کے اپنے حصے میں بس ایک چھوٹا سا کمرہ آیا ہے۔امیتابھ بچن نے یہ بھی بتایا کہ جیا بچن کو دیواروں پر مصوری کا خاص شوق ہے۔ ان کے گھر کی چاروں بیرونی دیواروں پر روایتی وارلی آرٹ بنوایا گیا ہے، جو دیکھنے میں انتہائی خوبصورت لگتا ہے۔وارلی آرٹ بھارت کا ایک روایتی فن ہے جس میں دائرے، تکون اور سیدھی لکیروں جیسی سادہ جیومیٹریائی اشکال استعمال کرکے انسانی زندگی، رقص، فطرت اور روزمرہ سرگرمیوں کے مناظر پیش کیے جاتے ہیں۔امیتابھ بچن اور جیا بچن نے فلم ’زنجیر‘ سمیت کئی فلموں میں ایک ساتھ کام کیا۔ دونوں کی شادی 3 جون 1973 کو جیا بچن کے گھر پر ایک سادہ تقریب میں ہوئی تھی۔ اس جوڑے کے دو بچے ہیں، بیٹی شویتا بچن 1974 میں جبکہ بیٹے ابھیشیک بچن 1976 میں پیدا ہوئے۔جیا بچن نے اپنے فلمی کیریئر کے عروج پر خاندان کو وقت دینے کے لیے اداکاری سے وقفہ لیا تھا۔ انہوں نے ’گڈی‘، ’ابھیمان‘، ’چپکے چپکے‘، ’ملی‘ اور ’سلسلہ‘ جیسی یادگار فلموں میں کام کیا۔ 1981 میں فلم ’سلسلہ‘ کے بعد انہوں نے طویل عرصے تک فلموں سے دوری اختیار کیے رکھی اور تقریباً دو دہائیوں بعد 1998 میں گووند نہلانی کی فلم ’ہزار چوراسی کی ماں‘ کے ذریعے بڑی اسکرین پر واپسی کی۔