اسلام آباد: حکومت نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہی اجلاس کی تیاریوں کے سلسلے میں اسلام آبادکے نجی ہوٹلوں کے مالکان کوسستے اور طویل مدتی قرضے فراہم کرنے کی تجویز پرغور شروع کردیاہے۔اس منصوبے کامقصد زیر تعمیر اور نامکمل ہوٹلوں کی تکمیل، ہوٹلوں کی تزئین و آرائش،جدیدخطوط پر استوارکرنے اور شہر میں رہائشی و مہمان نوازی کی سہولیات میں اضافہ کرناہے۔اس سلسلے میں ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈارکی زیر صدارت رواں ہفتے اجلاس منعقدہوا،جس میں مناسب مالیاتی منصوبے کو حتمی شکل دینے کاجائزہ لیاگیا،تاہم بعض وزارتوں کے اعتراضات، بالخصوص نجی کاروباری اداروں کورعایتی قرضے فراہم کرنے کیلیے ضابطہ کارکی عدم موجودگی کے باعث تاحال کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوسکا۔سرکاری حکام کے مطابق وزارت داخلہ نے وزیراعظم کو تجویز بھجوائی ہے کہ اسٹیٹ بینک کو ہدایت کی جائے کہ وہ کمرشل بینکوں اور متعلقہ مالیاتی اداروں کواسلام آبادکے نجی ہوٹل مالکان اورسرمایہ کاروں کیلیے خصوصی رعایتی فنانسنگ اسکیم متعارف کرانے کی ترغیب دیں۔تجویز میں کہاگیاکہ ہوٹلوں کے نامکمل منصوبوں کی تکمیل،موجودہ ہوٹلوں کی تزئین و آرائش،اپ گریڈیشن اورجدیدکاری سمیت مہمان نوازی کی سہولیات کی توسیع اور بہتری کیلیے کم شرح سود پر طویل مدتی قرضے فراہم کیے جائیں۔اسٹیٹ بینک نے اس وقت بینکوں کیلیے شرح سود 12 فیصد مقررکررکھی ہے،جبکہ عام قرض دہندگان کو اس سے زیادہ شرح پرقرضے ملتے ہیں، البتہ حکومت کی سبسڈی والی اسکیموں،جن میں گھروں کی تعمیر،برآمدات، نئے کاروبار اورزراعت کے شعبے شامل ہیں،کے تحت رعایتی قرضے فراہم کیے جاتے ہیں۔حکام کے مطابق منصوبے پر مجموعی طور پر 15 سے 20 ارب روپے خرچ ہونے کاتخمینہ لگایاگیا،تاہم حتمی لاگت قرض حاصل کرنیوالوں کی تعداداور شرح سودکے تعین سے مشروط ہوگی۔سرکاری حکام کاکہناہے کہ نجی کاروباری شعبے کو اس نوعیت کے رعایتی قرضے فراہم کرنے کی کوئی حالیہ مثال موجودنہیں،سوائے ان شعبوں کے جنہیں حکومت نے اپنی ترجیحات میں شامل کررکھاہے۔اس وقت برآمدکنندگان ایکسپورٹ فنانسنگ اسکیم کے تحت کم شرح سود پرقرضے حاصل کررہے ہیں،جس کیلیے وفاقی بجٹ میں 88 ارب مختص کیے گئے ہیں۔واضح رہے کہ ایس سی اوکے سربراہان مملکت کااجلاس اگست اور ستمبر 2027 کے دوران اسلام آبادمیں منعقد ہوناہے۔ حکومت کے مطابق یہ 1973 کے اسلامی سربراہی اجلاس کے بعد پاکستان میں ہونیوالا سب سے اہم اور اعلیٰ سطح کابین الاقوامی اجتماع ہوگا۔دوسری جانب حکومت نے اجلاس کے سیکیورٹی انتظامات کیلیے 9 ارب 60 کروڑکی لاگت سے 45 بلٹ پروف گاڑیاں خریدنے کی منظوری بھی دیدی ہے۔