لاہور: جماعت اسلامی کے مرکزی رہنما لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ 25 لاکھ ٹن گندم درآمد کرنے کا فیصلہ حکومت کی کسان دشمن پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔اپنے بیان میں نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے پیٹرولیم لیوی کے مرحلہ وار خاتمے کی تحریک کو کامیاب قرار دیتے ہوئے زراعت کے بحران پر قومی کانفرنس بلانے کا مطالبہ کیا۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ جماعت اسلامی کی جانب سے پیٹرولیم لیوی کے مرحلہ وار خاتمے اور عوامی ریلیف کے لیے شروع کی گئی تحریک دوسرے مرحلے میں کامیاب ہوگئی۔ جماعت اسلامی نے عوامی ریلیف کے لیے سیاسی، جمہوری اور قومی مزاحمت کی کامیابی کے ذریعے نئی تاریخ رقم کی ہے۔انہوں نے کہا کہ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں عوامی ریلیف کے لیے جاری جدوجہد کامیاب ہوئی ہے۔ اب قومی ترجیحات پر تمام اسٹیک ہولڈرز کو ایک جگہ جمع کرنے کی جدوجہد کا مرحلہ شروع ہوگیا ہے۔ یہ اقدام پوری قوم کے لیے بابرکت ثابت ہوگا۔لیاقت بلوچ نے ملک میں زراعت کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ زرعی شعبہ زوال پذیر ہورہا ہے جبکہ کسان اور ہاری سخت پریشانی کا شکار ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی زراعت اور کسان دشمن پالیسیوں کے نتیجے میں 25 لاکھ میٹرک ٹن گندم درآمد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔نائب امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ گنے، گندم اور چاول کی فصل (مونجی) کے کاشتکاروں کا معاشی استحصال کیا جارہا ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ قومی زراعت کانفرنس بلانے کا اہتمام کرے تاکہ زرعی شعبے اور کسانوں کو درپیش مسائل پر توجہ دی جاسکے۔