امریکی ادارے کیلیفورنیا انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے محققین کے تیار کردہ روبوٹ ASTRA نے خلابازوں کی مدد کے بغیر خلا میں ریفلیکٹر اینٹینا کا ایک حصہ کامیابی سے جوڑ کر تیار کرلیا۔اس تجربے کو مستقبل میں خلا میں بڑے ڈھانچے تعمیر کرنے کی جانب اہم پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے جس کے ذریعے راکٹوں میں محدود جگہ کے مسئلے پر قابو پانا ممکن ہوسکے گا۔رپورٹ کے مطابق امریکی دفاعی تحقیقاتی ادارے DARPA کی مالی معاونت سے تیار ہونے والے ASTRA روبوٹ نے کمپوزٹ فائبر ٹیوبز اور ایلومینیم جوڑوں کو استعمال کرتے ہوئے 1.4 میٹر کے ریفلیکٹر اینٹینا کا ایک حصہ تیار کیا۔اس منصوبے کی خاص بات یہ ہے کہ تعمیراتی اجزا کو پہلے مختصر اور محدود جگہ میں خلا تک پہنچایا گیا جہاں روبوٹ نے انہیں جوڑ کر مطلوبہ ڈھانچہ تشکیل دیا۔محققین کا خیال ہے کہ یہ ٹیکنالوجی مستقبل میں خلائی دوربینوں، مواصلاتی نظاموں اور شمسی توانائی کے بڑے منصوبوں کی تعمیر میں مددگار ثابت ہوسکتی ہے۔یہ منصوبہ NOM4D پروگرام کا حصہ ہے جس کا آغاز 2022 میں کیا گیا تھا۔ پروگرام کے تحت رواں سال کے آخر میں ایک اور تجربہ بھی متوقع ہے جس میں بین الاقوامی خلائی اسٹیشن (آئی ایس ایس) پر مینوفیکچرنگ کی جدید تکنیکوں کی آزمائش کی جائے گی۔ماہرین کے مطابق اگر یہ ٹیکنالوجی مزید کامیاب تجربات سے گزر جاتی ہے تو مستقبل میں خلا میں بڑے ڈھانچے زمین سے مکمل تیار حالت میں بھیجنے کے بجائے وہیں روبوٹس کی مدد سے تعمیر کیے جاسکیں گے۔