لاہور: پولیس نے مولانا فضل الرحمان کی قیام گاہ کا محاصرہ کرلیا، بھاری نفری تعینات

لاہور: پنجاب پولیس کی بھاری نفری نے لاہور میں امیر جے یو آئی مولانا فضل الرحمان کی قیام گاہ کا محاصرہ کرلیا۔جے یو آئی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق مولانا فضل الرحمان گزشتہ شب لاہور پہنچے تھے، آج انہیں ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کی دعوت پر وکلاء سے خطاب کرنا ہے۔جے یو آئی کا کہنا ہے کہ اس وقت پنجاب پولیس نے ان کی قیام گاہ کے باہر اہلکار تعینات کرکے انہیں باہر آنے سے روک دیا ہے، پولیس نے سوسائٹی میں بھاری نفری تعینات کردی جبکہ سوسائٹی کے مین گیٹ پر کنٹینر رکھ دیا، سوسائٹی کے رہائشیوں کو بھی آنے جانے سے روک دیا گیا۔جمعیت علمائے اسلام کے سینیٹر کامران مرتضیٰ نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن ملک کی ایک بڑی سیاسی جماعت کے سربراہ ہیں۔ انہیں رہائش گاہ سے باہر آنے سے روکنا بنیادی شہری آزادی اور جمہوری روایات کے منافی ہے۔انہوں نے کہا کہ سیاسی اختلافات اپنی جگہ، لیکن کسی رہنما کی آزادانہ نقل و حرکت میں رکاوٹ ڈالنے کا کوئی جواز نہیں، پولیس فوری طور پر رکاوٹیں ختم کرے اور مولانا فضل الرحمٰن کو آزادانہ نقل و حرکت کی اجازت دی جائے۔جنرل سیکرٹری جے یو آئی پنجاب حافظ نصیر احمد احرار نے کہا کہ ایک طرف رات گئے جمعیت علماء اسلام کے ذمہ داران کی گرفتاریاں اور دوسری طرف حکومت پنجاب کا یہ اقدام نا صرف بزدلانہ بلکہ احمقانہ بھی ہے جس کی پر زور الفاظ میں مزمت کرتے ہیں۔ حکومت کو چاہیے ہوش کے ناخن لے۔ ہم واضح کر دیں مولانا فضل الرحمٰن ہماری ریڈ لائن ہیں۔
لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر
جے یو آئی نے مولانا فضل الرحمان کی بازیابی اور قیام گاہ کے محاصرے کے خلاف لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا۔لاہور ہائیکورٹ میں دائر کی گئی درخواست میں کہا گیا ہے کہ پولیس نے مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ کے اطراف نفری تعینات کرکے انہیں گھر کے اندر محبوس کردیا ہے۔ درخواست میں کہا گیا کہ پولیس حکام نے مولانا کی نظر بندی یا حراست کا قانونی حکم نامہ نہیں دیا ، عدالت مولانا کی بازیابی اور آزاد نقل و حرکت کی اجازت دے۔

خاص خبریں