اسلام آباد: ایل پی جی ڈسٹریبیوٹرز نے وفاقی حکومت کی نئی پرائسنگ پالیسی کو آئینی بنیادوں پر اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا، جس پر ابتدائی دلائل کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کر لیا۔
جسٹس خادم حسین سومرو نے ایل پی جی ڈسٹریبیوٹرز کی درخواست پر سماعت کی۔ ایل پی جی ڈسٹریبیوٹرز کی طرف سے وکیل اظہر صدیق جبکہ وفاقی حکومت کی جانب سے ایڈیشنل اٹارنی جنرل راشد حفیظ بھی عدالت میں پیش ہوئے۔وکیل درخواست گزار نے ایل پی جی گائیڈ لائنز معطل کرنے کی استدعا کی جس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے ایل پی جی پرائسنگ پالیسی گائیڈ لائنز کی معطلی کی مخالفت کرتے ہوئے استدعا کی کہ عبوری حکم کے ذریعے پالیسی کے نفاذ کو نہ روکا جائے۔درخواست گزاروں کی معاونت کے لیے اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کرنے کی استدعا بھی کی گئی۔ وکیل درخواست گزار نے دلائل دیے کہ متنازع ایل پی جی پرائسنگ گائیڈ لائنز کے نفاذ اور عمل درآمد کو معطل کیا جائے، حتمی فیصلے تک اوگرا کو ان گائیڈ لائنز کے تحت کسی بھی کارروائی سے روکا جائے۔وکیل درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ قیمتوں کے نئے طریقہ کار کے باعث ایل پی جی کی درآمدی مارکیٹ میں پہلے ہی بھاری مالی نقصان ہو رہا ہے، گزشتہ روز کی درآمدات کے حوالے سے تقریباً ایک ارب روپے کے نقصان کا تخمینہ سامنے آیا ہے۔ اگر نئی پالیسی پر عمل درآمد جاری رہا تو ایل پی جی کے شعبے میں مزید مالی بے یقینی اور کاروباری نقصان پیدا ہوگا۔درخواست گزار کے وکیل نے دلائل دیے کہ ایل پی جی پالیسی 2016 تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے مرتب کی گئی تھی، اس وقت مشترکہ مفادات کونسل سے باقاعدہ منظوری حاصل کی گئی تھی۔ آئین کے آرٹیکلز 153 اور 154 کے تحت معدنی تیل اور قدرتی گیس سے متعلق پالیسی اور نگرانی کا اختیار مشترکہ مفادات کونسل کے آئینی دائرہ اختیار میں آتا ہے۔جسٹس خادم حسین سومرو نے ریمارکس دیے کہ عدالت درخواست پر مناسب فیصلہ جاری کرے گی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے ابتدائی دلائل کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا۔