وفاقی وزیر مصدق ملک نے کہا ہے کہ الزامات لگانے سے مسائل کا حل نہیں نکلتا، پاکستان کے پاس دہشت گردی کے شواہد موجود ہیں۔بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک نے کہا کہ دہشت گردی کا معاملہ ضرور زیر بحث آئے گا، تاہم اس حوالے سے ہونے والی ہر بات مستند شواہد کی بنیاد پر ہونی چاہیے۔ محض الزامات لگانے کے بجائے حقائق سامنے لانا ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے اثرات سب سے زیادہ پاکستان نے برداشت کیے ہیں، جبکہ پورا خطہ اس سنگین مسئلے سے متاثر ہے۔ اس چیلنج سے نمٹنے اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے تمام ممالک کو مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ایک دوسرے پر الزامات عائد کرنے اور اشتعال انگیز بیانات دینے سے مسائل حل نہیں ہوسکتے۔ پاکستان متعدد مرتبہ بھارت سے دہشت گردی کے حوالے سے ٹھوس ثبوت فراہم کرنے کا مطالبہ کرچکا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے پاس بھی دہشت گردی سے متعلق شواہد موجود ہیں، جن کا تبادلہ دونوں ممالک باہمی رابطے کے ذریعے یا کسی موزوں فورم پر کرسکتے ہیں۔مصدق ملک کا دوٹوک انداز میں کہنا تھا کہ دہشت گردی کے معاملے پر گفتگو حقائق اور شواہد کی بنیاد پر ہونی چاہیے۔