یوم کشمیر: چڑیاولہ پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنا کر کشمیریوں کیساتھ مثالی اظہار یکجہتی

یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر گجرات اور بھمبر کی ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام پنجاب اور آزادکشمیر کے انٹری پوائنٹ چڑویالہ پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنا کر کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کیا گیا۔چیئرمین وزیراعظم آزادکشمیر معائنہ عملدرآمد کمیشن چوہدری حسن اشرف, ڈپٹی کمشنر گجرات نورالعین قریشی، ڈپٹی کمشنر بھمبر چوہدری حق نواز، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (فنانس اینڈ پلاننگ) ذوالفقار احمد، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل صبا سحر، اسسٹنٹ کمشنر کھاریاں احمد شیر گوندل، اسسٹنٹ کمشنر ہیومن ریسورس حمید خالد اور سیف الرحمٰن ایڈووکیٹ سمیت مختلف محکموں کے افسران شریک ہوئے۔چیئرمین وزیراعظم آزادکشمیر معائنہ عملدرآمد کمیشن چوہدری حسن اشرف کی قیادت میں قافلے نے گجرات سے آئے وفد کا استقبال کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر گجرات اور ڈپٹی کمشنر بھمبر نے پاکستانی اور کشمیری پرچم کا تبادلہ کیا۔تقریب کے آغاز پر قومی پرچم کو سلامی دی گئی، سائرن بجایا گیا اور قومی ترانے پاکستان و آزاد کشمیر پیش کیے گئے۔ اسکولوں کے طلبہ نے تقاریر کیں جبکہ فضا میں کبوتر چھوڑ کر امن اور آزادی کی علامت پیش کی گئی۔ شرکاءنے“پاکستان زندہ باد”،“مسلح افواج پاکستان زندہ باد”اور“معرکہ حق زندہ باد”کے نعرے لگائے۔چیئرمین ضلع کونسل چوہدری یوسف، چیئرمین بلدیہ الطاف ابراہیم اور مختلف سرکاری محکموں کے افسران و نمائندگان بھی اس موقع پر موجود تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر گجرات نورالعین اور دیگر مقررین نے مقبوضہ کشمیر کے شہداءکو خراجِ تحسین پیش کیا اور ان کی عظیم قربانیوں کو سلام پیش کیا۔ انہوں نے گزشتہ سات دہائیوں سے کشمیر کا مقدمہ عالمی سطح پر بھرپور انداز میں اجاگر کرنے پر پاکستانی سفارتکاروں کی کاوشوں کو سراہا۔مقررین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مقبوضہ کشمیر میں آزادی کا سورج طلوع ہونے تک پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی رہے گی۔ انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کی مذمت کی۔