اسلا م آباد بم دھماکہ کو مولانا فضل الرحمان نے ایجنسیوں کی ناکامی قرار دیدیا

پشاور: فرقہ وارانہ فسادات کرنے والے قومی اور بین الاقوامی عناصر کی مجرمانہ ذہنیت کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا سانحات کے بعد حکمرانوں کے دوروں اور مذمتی بیانات پر انحصار کرکے قوم کو مطمئن نہیں کیا جاسکتا ان خیالات کا اظہار جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان نے اسلا م آبادمیں دہشت گردی کے واقعہ پر اپنے ایک بیان میں کیا انہوں نے کہا کہ ادارے سیاسی مداخلت سے فارغ ہوں تو امن وامان اور عوام کی جان ومال کے تحفظ پر توجہ دیں۔ درجنوں انٹیلی جنس ایجنسیوں کے ہوتے اسلام آباد میں محترم دن کو خون آلود کردیا گیا، یہ حملہ ایجنسیوں کی ناکامی ہے ریاستی ادارے کب عوام کی مایوسی کا ازالہ کریں گے، کب عوامی زخموں کا مرہم بنیں گے کب عوام کے مستقبل اور آنے والی نسلوں کی حفاظت کا نظام بنائیں گے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اسلام آباد دھماکہ افسوسناک اور قابل مذمت ہے، حملہ آور انسانیت کے دشمن ہیں جو کسی رعایت کے مستحق نہیں خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے بعد اب اسلام آباد میں بھی مسلسل دہشت گرد کارروائیاں ہورہی ہیں، ملک کا کوئی حصہ دہشت گردوں سے محفوظ نہیں، ان بدترین حالات میں اداروں کا اپنی کارکردگی پر فخر سوالیہ نشان ہے