یوکرین پر روسی حملے، کیف کے علاقے میں 6 افراد ہلاک، عمارت ملبے کا ڈھیر بن گئی

یوکرین کے دارالحکومت کیف کے گردونواح میں روسی فضائی حملوں کے نتیجے میں کم از کم 6 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے جبکہ پانچ منزلہ رہائشی عمارت جزوی طور پر منہدم ہونے کے بعد ملبے تلے دبے افراد کی تلاش جاری ہے۔خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق روس نے اتوار کی شب کیف ریجن کے مختلف علاقوں کو نشانہ بنایا۔ دارالحکومت سے تقریباً 45 کلومیٹر شمال میں واقع علاقے ڈائمر میں ایک پانچ منزلہ رہائشی عمارت پر حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں عمارت کا بڑا حصہ تباہ ہوگیا۔یوکرین کی اسٹیٹ ایمرجنسی سروس کے مطابق امدادی کارکنوں نے عمارت کے ملبے سے تین افراد کی لاشیں نکال لی ہیں۔ ہلاک ہونے والوں میں 1978 میں پیدا ہونے والی ایک خاتون اور 2008 میں پیدا ہونے والا ایک نوجوان بھی شامل ہے۔کیف ریجن کے گورنر تیمور تکاچینکو نے بتایا کہ امدادی کارروائیوں کے دوران ایک بچے کو زندہ ملبے سے نکال لیا گیا۔ اس سے قبل حکام نے بتایا تھا کہ 11 افراد، جن میں دو بچے بھی شامل ہیں، لاپتا ہیں اور ان سے رابطہ نہیں ہو پا رہا۔حملوں میں دیگر علاقوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ شہر وشنووے میں ایک سپر مارکیٹ پر روسی حملے کے نتیجے میں دو افراد ہلاک اور آٹھ زخمی ہوگئے۔ گورنر کے مطابق لوگ معمول کے مطابق خریداری کے لیے دکان پر آئے تھے، لیکن حملے نے اس عام سرگرمی کو سانحے میں تبدیل کردیا۔اس کے علاوہ بیلا تسیرکوا میں ایک نجی گھر پر حملے کے نتیجے میں آگ لگ گئی، جس سے ایک شخص ہلاک ہوگیا۔یوکرین کے انسانی حقوق کے محتسب دمترو لوبینٹس نے حملے کو روس کی یوکرین کے خلاف نسل کشی کی جنگ کا حصہ قرار دیتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ شہریوں کی ہلاکتوں پر خاموشی اختیار نہ کرے اور روس کو جواب دہ ٹھہرائے۔دوسری جانب روس نے یوکرین کے علاقے دنیپروپیٹروفسک میں بجلی کے ایک سب اسٹیشن کو بھی نشانہ بنایا۔ یوکرینی وزیراعظم سرگی کوریتسکی کے مطابق حملے سے توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا۔رپورٹ کے مطابق روس نے سردیوں کی آمد اور درجہ حرارت نقطہ انجماد کے قریب پہنچنے کے ساتھ یوکرین کے توانائی کے نظام پر حملوں میں اضافہ کردیا ہے۔ اس سے قبل روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے کریمیا کے پل کو نقصان پہنچانے والے یوکرینی حملوں کے جواب میں سخت کارروائی کی دھمکی دی تھی۔