کراچی: وفاقی وزیر مصطفی کمال نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی جعلی ڈومیسائل کے ذریعے نوجوانوں کا حق مار رہی ہے، نئے صوبوں کا قیام مسائل کا حل ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق وفاقی وزیر صحت اور متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ ملک کی ترقی، معاشی استحکام اور سلامتی کے لیے نئے صوبوں کا قیام ضروری ہوچکا ہےانہوں نے کہا کہ موجودہ انتظامی ڈھانچے میں بڑھتی آبادی اور سہولتوں کی کمی سنگین مسائل پیدا کر رہی ہے۔شہر کے مختلف علاقوں کے دوروں کے دوران خطاب کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ آبادی میں مسلسل اضافے کے باوجود شہریوں کو بنیادی سہولتیں فراہم نہیں کی جا رہیں، جس کے باعث ملک کی معیشت بھی متاثر ہورہی ہے۔انہوں نے پاکستان پیپلزپارٹی پر تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ جعلی ڈومیسائل جاری کرکے نوجوانوں کو ان کے جائز حقوق اور ملازمتوں کے مواقع سے محروم کیا جا رہا ہے۔ مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ نئے صوبے بننے سے عوام کو معیاری تعلیم کے ساتھ روزگار کے مزید مواقع میسر آسکیں گے۔ایم کیو ایم رہنما نے کہا کہ انہوں نے کراچی کو’را‘ کے تسلط سے آزاد کرایا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہر میں آباد تمام لسانی برادریوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی جان، مال اور عزت کا تحفظ ان کی ذمہ داری ہے۔واضح رہے کہ سندھ کی موجودہ سیاسی صورتحال کے تناظر میں پاکستان پیپلزپارٹی کا وفد آج سندھ اسمبلی میں ایم کیو ایم پاکستان کے وفد سے ملاقات کرے گا، جس میں دونوں جماعتوں کے رہنماؤں کے درمیان سیاسی معاملات پر تبادلہ خیال متوقع ہے۔