ہالی ووڈ کے معروف اداکار ول اسمتھ اور ان کی اہلیہ جیڈا پنکٹ اسمتھ کی امریکی ریاست کیلیفورنیا میں واقع 4 کروڑ 20 لاکھ ڈالر مالیت کی رہائش گاہ میں آگ لگ گئی۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق پیر کی شب لاس اینجلس کے متعلقہ اداروں کو آتشزدگی کی اطلاع موصول ہوئی، جس پر فائر بریگیڈ اور پولیس اہلکار موقع پر پہنچ گئے۔حکام کے مطابق آگ رہائش گاہ کے احاطے میں سامان رکھنے کے لیے بنائے گئے ایک شیڈ میں لگی تھی۔امدادی کارروائیوں کے دوران کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، تاہم یہ واضح نہیں کہ واقعے کے وقت ول اسمتھ اور ان کی اہلیہ گھر پر موجود تھے یا نہیں۔حکام نے حالیہ آتشزدگی کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔یہ پہلا موقع نہیں جب اداکار کی رہائش گاہ میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا ہو، اس سے قبل 2021 میں بھی ان کی اسی رہائش گاہ میں آگ لگنے کی اطلاع سامنے آئی تھی۔