امریکا کی اے آئی ٹیکنالوجی سے چین پریشان، جوہری میزائلوں کے نشانے پر آنے کا خدشہ

چین کو خدشہ ہے کہ امریکا مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی جدید ٹیکنالوجی استعمال کرکے اس کے جوہری میزائلوں اور لانچرز کا سراغ لگانے اور انہیں تباہ کرنے کی صلاحیت حاصل کرسکتا ہے، جس سے بیجنگ کی جوابی جوہری حملے کی طاقت متاثر ہونے کا خطرہ ہے۔امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق اخبار کے چیف چائنا کرسپانڈنٹ کرس بکلی نے چینی فوجی اور سویلین محققین کے 100 سے زائد حالیہ تحقیقی جائزوں کا مطالعہ کیا اور اس معاملے پر ماہرین اور سابق امریکی حکام سے بھی گفتگو کی۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ چین کی بنیادی تشویش یہ ہے کہ امریکا مصنوعی ذہانت کے ذریعے جاسوسی، نگرانی اور مختلف ذرائع سے حاصل ہونے والے ڈیٹا کا تیزی سے تجزیہ کرکے چینی میزائل لانچرز کی نشاندہی، ان کا تعاقب اور انہیں نشانہ بنا سکتا ہے۔ اس طرح چین کی وہ صلاحیت کمزور پڑ سکتی ہے جس کے تحت وہ دشمن کے جوہری حملے کے بعد جوابی کارروائی کرسکتا ہے۔بیجنگ کی اکیڈمی آف ملٹری سائنس کے دو محققین کے مطابق جوہری فیصلہ سازی کے نظام میں مصنوعی ذہانت اور متعلقہ ٹیکنالوجیز شامل ہونے سے امریکا فیصلہ سازی کا روایتی دورانیہ 15 سے 30 منٹ سے کم کرکے 90 سیکنڈ یا اس سے بھی کم کرسکتا ہے۔چین کی جوہری حکمت عملی کا مطالعہ کرنے والے امریکی محکمہ خارجہ کے سابق تجزیہ کار جیرالڈ سی براؤن کے مطابق چینی محققین کا خیال ہے کہ مصنوعی ذہانت دشمن کے حملوں سے جوہری ہتھیاروں کو محفوظ رکھنا مزید مشکل بنا سکتی ہے۔رپورٹ میں فیڈریشن آف امریکن سائنٹسٹس کے اندازوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ چین کے پاس اس وقت تقریباً 620 جوہری وار ہیڈز ہیں، جبکہ 2030 تک یہ تعداد ایک ہزار تک پہنچنے کا امکان ہے۔ اس کے مقابلے میں امریکا اور روس، دونوں کے پاس تقریباً 1800، 1800 جوہری وار ہیڈز موجود ہیں۔چین اپنے جوہری اثاثوں کو محفوظ بنانے کے لیے بھی اقدامات کررہا ہے۔ رپورٹ کے مطابق اس نے اپنے فوجی اثاثے مختلف مقامات پر پھیلائے ہیں، شمالی صحراؤں میں تقریباً 320 زیر زمین میزائل لانچ سائیلوز تعمیر کیے ہیں اور جولائی میں آبدوز سے داغے جانے والے طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل کا تجربہ بھی کیا ہے۔دوسری جانب چینی فوجی محققین اور پیپلز لبریشن آرمی کی راکٹ فورس اپنے میزائل نظام میں بھی مصنوعی ذہانت کے استعمال پر تحقیق کررہے ہیں۔ ان میں ہائپرسونک اور بیلسٹک میزائلوں کے پرواز کے دوران راستہ تبدیل کرنے جیسے طریقے شامل ہیں تاکہ وہ دشمن کے دفاعی نظاموں کو چکما دے سکیں۔تاہم چینی فوجی تحقیقات میں مصنوعی ذہانت کے ممکنہ خطرات سے بھی خبردار کیا گیا ہے۔ محققین کے مطابق ناقص یا مبالغہ آمیز ڈیٹا کی بنیاد پر کیے گئے تجزیے فوجی کمانڈ اینڈ کنٹرول نظام میں سنگین مسائل پیدا کرسکتے ہیں۔انسٹیٹیوٹ فار سکیورٹی اینڈ ٹیکنالوجی کے فلپ رینر کے مطابق اگرچہ جوہری میزائل داغنے کا حتمی اختیار مصنوعی ذہانت کو دینے کا معاملہ سامنے نہیں آیا، تاہم حملے کا فیصلہ کرنے کے لیے درکار معلومات مرتب کرنے میں اے آئی کا کردار بڑھ رہا ہے۔

خاص خبریں