فرینکفرٹ : پاکستان جرمن پریس کلب فرینکفرٹ کا سالانہ اجلاس صدر محترم سید رضوان شاہ کی زیرِ صدارت منعقد ہوا، جس میں سینئر نائب صدر نذر حسین سمیت فرینکفرٹ اور گرد و نواح سے تعلق رکھنے والے صحافیوں نے بھرپور شرکت کی۔اجلاس میں صحافیوں کے تحفظ، پیشہ ورانہ وقار، آزادیٔ صحافت، میڈیا کوریج کے طریقۂ کار، پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور صحافتی سرگرمیوں کو منظم کرنے کے حوالے سے تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔اس موقع پر میڈیا کوریج کے حوالے سے مختلف اصلاحات اور مشترکہ ضابطۂ اخلاق پر بھی غور کیا گیا۔ کمیونٹی کی مذہبی، سماجی، ثقافتی اور فلاحی تقریبات کی کوریج، تجارتی پروگراموں میں صحافیوں کی پیشہ ورانہ خدمات کے معاوضے، میڈیا نمائندگان کے لیے مناسب سہولیات، مخصوص نشستوں اور کیمرہ آلات کے لیے موزوں جگہ کی فراہمی جیسے اہم امور زیرِ بحث آئے۔اجلاس میں صحافیوں کے درمیان باہمی رابطوں کو مزید مؤثر بنانے، خبروں، ویڈیو فوٹیج اور معلومات کے تبادلے کے لیے مشترکہ رابطہ نظام کو فروغ دینے اور کسی بھی صحافی کو درپیش پیشہ ورانہ مشکلات کے حل کے لیے اجتماعی حکمتِ عملی اختیار کرنے پر بھی زور دیا گیا۔صدر پاکستان جرمن پریس کلب سید رضوان شاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان جرمن پریس کلب نے ہمیشہ جرمنی میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی مثبت سرگرمیوں کو اجاگر کرنے، پاکستان کے بہتر تشخص کو دنیا کے سامنے پیش کرنے اور اوورسیز پاکستانیوں کی آواز بننے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان جرمن پریس کلب اپنے ہر رکن کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑا ہے۔ صحافیوں کی عزتِ نفس، تحفظ اور پیشہ ورانہ وقار پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔سید رضوان شاہ نے مزید کہا کہ صحافی معاشرے کا اہم ستون ہیں، جو اپنی محنت اور پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کےذریعے کمیونٹی کی آواز دنیا تک پہنچاتے ہیں۔ تمام کمیونٹی تنظیموں اور ایونٹ آرگنائزرز کو چاہیے کہ وہ صحافیوں کے ساتھ باہمی احترام اور تعاون کو فروغ دیں تاکہ مثبت اور ذمہ دارانہ صحافت کو مزید مستحکم کیا جا سکے۔اجلاس میں اس عزم کا اعادہ بھی کیا گیا کہ پاکستان جرمن پریس کلب مستقبل میں بھی پاکستانی کمیونٹی، سماجی و فلاحی اداروں اور دیگر تنظیموں کے ساتھ مثبت روابط کو فروغ دیتا رہے گا، جبکہ صحافیوں کے حقوق، تحفظ اور پیشہ ورانہ آزادی کے لیے اپنا مؤثر کردار جاری رکھے گااجلاس میں شریک صحافیوں میں سینئر نائب صدر نذر حسین، راجہ اظہر کیانی، زاہد چودھری، آزاد حسین، محمد مبین خان، رانا رضوان خان، صداقت شیخانہ، ذیشان احمد، سید شیراز گیلانی اور راجہ ناصر امیر شامل تھے۔اجلاس کے اختتام پر تمام شرکاء نے صحافتی برادری کے اتحاد، باہمی احترام، مشترکہ تعاون اور پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔