صدرمملکت کی وزیراعظم سے ملاقات، ملک کی سیاسی، سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال

صدرمملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے لاہور میں ملاقات کی اور ملک کی مجموعی سیاسی، معاشی اور سیکیورٹی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے ماڈل ٹاؤن لاہور میں وزیراعظم شہباز شریف کی رہائش گاہ پہنچے جہاں وزیراعظم نے صدر مملکت کا پرتپاک استقبال کیا۔ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی، معاشی اور سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی گئی اور وزیراعظم نے صدر پاکستان کو اپنے دورہ ترکیہ اور 31ویں کانفرنس آف پارٹیز میں اپنے شرکت کے بارے میں بتایا۔وزیراعظم آفس سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ملاقات میں اتحادی جماعتوں کے درمیان باہمی تعاون، مشاورت کے تسلسل اور عوامی فلاحی منصوبوں کی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا اور دونوں رہنماؤں نے ملک میں معاشی استحکام اور ترقیاتی عمل کو تیز کرنے کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات ایک گھنٹے سے زیادہ جاری رہی جس میں مجموعی ملکی سیاسی صورت حال پر بات چیت کی گئی۔ملاقات میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، سابق وزیر اعظم راجا پرویز اشرف، سینیٹر سلیم مانڈوی والا، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وزیر اعظم کے مشیر رانا ثناللہ اور رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز شریف موجود تھے۔