لندن کی سیاسی، سماجی اور کاروباری شخصیات کی پاکستان پریس کلب لندن کے نئے دفتر آمد، صدر چوہدری تبریز عورہ کا پرتپاک استقبال

لندن : پاکستان پریس کلب لندن کے نئے دفتر ایسٹ ہیم میں لندن کی سیاسی، سماجی اور کاروباری شخصیات کی آمد اور مبارکباد دینے کا سلسلہ جاری ہے۔ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی معروف شخصیات نئے دفتر کا دورہ کرکے کلب کے عہدیداران کو مبارکباد پیش کر رہی ہیں۔ معزز مہمانوں میں پیر محمد فاروق بہاوالحق، بیرسٹر گل نواز خان (لیگل ایڈوائزر پاکستان پریس کلب لندن)، معروف بزنس مین ملک عطا اللہ گھنجیرا، کونسلر معظم سندھو,معروف بزنسمین ساجد خان اور بزنس مین راجہ عنایت شامل تھے۔پاکستان پریس کلب لندن کے صدر چوہدری تبریز عورہ اور دیگر عہدیداران نے معزز مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا۔ مہمانوں نے نئے دفتر کے قیام پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کلب کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور صحافتی و سماجی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ قرآن پاک اور نعتِ رسول مقبول ﷺ سے ہوا۔ تلاوتِ قرآن پاک کی سعادت سینئر نائب صدر محمد سلیم صابری نے حاصل کی، جبکہ اسٹیج سیکرٹری کے فرائض نائب صدر میاں فرخ شمسی نے انجام دیے۔جنرل سیکرٹری میڈم سائرہ خان نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور پاکستان پریس کلب لندن کے اغراض و مقاصد سے آگاہ کیا۔ صدر چوہدری تبریز عورہ نے اپنے خطاب میں معزز مہمانوں کی آمد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پریس کلب لندن صحافتی برادری کے حقوق کے تحفظ، صحافت کے فروغ اور لندن میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے مسائل کو اجاگر کرنے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گا۔چیئرپرسن ایونٹ و پروگرام کمیٹی میڈم فریعہ سوری، سینئر نائب صدر محمد سلیم صابری اور طارق محمود نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور کلب کی مستقبل کی سرگرمیوں کے حوالے سے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔اس موقع پر باہمی دلچسپی کے امور، پاکستانی کمیونٹی کو درپیش مسائل، صحافت کے مثبت کردار اور کمیونٹی کے مختلف طبقات کے درمیان روابط کو مزید مضبوط بنانے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔پاکستان پریس کلب لندن کے نئے دفتر میں مختلف سیاسی، سماجی اور کاروباری شخصیات کی مسلسل آمد اس بات کا مظہر ہے کہ کلب لندن میں پاکستانی صحافتی برادری اور کمیونٹی کے لیے ایک مؤثر صحافتی و سماجی پلیٹ فارم کے طور پر اپنی سرگرمیوں کو وسعت دے رہا ہے۔