پاکستان سوشل کلب کی جانب سے یومِ اقبال کی مناسبت سے پروقار تقریب کا انعقاد، سفیر سید نوید صفدر بخاری مہمانِ خصوصی تھے

مسقط :پاکستان سوشل کلب عمان کے زیر اہتمام ’یومِ اقبال‘ کے موقع پر ایک پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا ، جس میں مشرق کے عظیم شاعر و فلسفی، ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کی حیات، فلسفے اور ادبی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ تقریب میں سلطنتِ عمان میں پاکستان کے سفیر سید نوید صفدر بخاری نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، جبکہ ’پاکستان عمان فرینڈشپ‘ کے بانی اور صدر، شیخ سید فیاض علی شاہ نے مہمانِ اعزازی کے طور پر شریک ہوئے۔پروگرام کا آغاز حافظ بلال مبشر نے عطرت آیات قرآنی کے ساتھ کیا جس کے بعد جناب آفتاب عالم نے پُرسوز انداز میں نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وسلم پیش کی۔ اس کے بعد سلطنتِ عمان اور اسلامی جمہوریہ پاکستان کے قومی ترانوں کی گونج نے دونوں برادر ممالک کے مابین دیرینہ دوستی اور جذبہ حب الوطنی کی بھرپور عکاسی کی۔پاکستان سوشل کلب کے چیئرمین، جناب محمد ندیم عظیمی نے معزز مہمانوں اور شرکاء کا خیرمقدم کرتے ہوئے ‘یومِ اقبال’ منانے کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور عصر حاضر میں علامہ اقبال کی تعلیمات کی افادیت پر زور دیا۔ انہوں نے کمیونٹی، بالخصوص نوجوان نسل کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ علامہ اقبال کے خودداری، اتحاد، عزم اور فکری ارتقاء کے تصورات کو سمجھیں اور انہیں اپنائیں۔بالترتیب معزز مقررین میں جناب مقبول احمد شیخ، جناب فہیم ضیاء، ڈاکٹر رانا قمر اور جناب ارشد علی خان نے علامہ اقبال کے فلسفے، شاعری اور امتِ مسلمہ کے لیے ان کے ان کی ترجیحات کا احاطہ کرتے ہوئے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے اقبال کے پیغامِ ’خودی‘ (اپنی ذات کی پہچان)، خود اعتمادی، سخت محنت، روحانی بیداری اور اعلیٰ ترین معیار کے حصول پر روشنی ڈالی ۔ مقررین نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اقبال کی شاعری آج بھی افراد کو سماجی مشکلات اور ناموافق حالات سے باہمی اتفاق کے ساتھ ہمت و حوصلے سے نمٹنے، مضبوط کردار تشکیل دینے اور معاشرے میں مثبت کردار ادا کرنے کی ترغیب دیتی ہے۔
عمان کے معروف شاعر جناب قمر ریاض نے جوش و جذبے کے ساتھ علامہ اقبال کی مشہور اردو نظم ’شکوہ‘ پیش کی جس نے سامعین کو مسحور کر دیا اور اقبال کے لازوال پیغام اور ادبی کمال کو ایک بار پھر زندہ کر دیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے، عمان میں پاکستان کے سفیر، جناب سید نوید صفدر بخاری نے ’پاکستان سوشل کلب کی جانب سے ‘ یوم اقبال ” کی پروقار تقریب پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ علامہ اقبال کا پیغام محض کتابوں، شاعری اور یادگاری تقریبات تک محدود نہیں رہنا چاہیے، بلکہ اسے ہمارے روزمرہ کے معمولات میں ہمارے اعمال، کردار اور رویوں میں بھی جھلکنا چاہیے۔
،انھوں نے بامعنی اور تعلیمی پروقار تقریب کے انعقاد کی کوششوں کو سراہا۔سفیرِ محترم نے بالخصوص والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کو ایسے تعلیمی اور ثقافتی پروگراموں میں لائیں، تاکہ نئی نسل پاکستان کی تاریخ، ورثے، قومی رہنماؤں اور فکری اثاثے کے بارے میں جان سکے۔
پاکستان سوشل کلب کے وائس چیئرمین، جناب چوہدری زاہد شکور نے کلماتِ تشکر ادا کیے۔ انہوں نے مہمانِ خصوصی، مہمانِ اعزازی، مقررین، منتظمین اور کمیونٹی کے تمام معزز اراکین کا ان کی بھرپور شرکت اور تعاون پر تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔کیک کاٹنے کی رسم کے بعد صاحبزادہ محمود صاحب کے دعائیہ کلمات کے ساتھ تقریب کا اختتام ہوا، جس کے بعد یوآن اقبال کو منظم اور باوقار انداز میں پیش کرنے کے اعتراف میں، منتظمین اور مقررین کو اعزازی اسناد پیش کی گئیں۔اس یادگار تقریب کی میزبانی کے فرائض محترمہ عذرا علیم نے انتہائی خوش اسلوبی اور اپنی پیشہ ورانہ صلاحیت کو بروئے کار لاتے ہوئے سر انجام دیے ۔ تقریب کے منتظم اعلی جناب محمد کلیم اختر نے اپنی زمہ داری کو پوری لگن اور جانفشانی کے ساتھ نبھایا۔تقریب میں پاکستان کے سفارت خانے کے عہدیداران اور ’پاکستان سوشل کلب عبوری کمیٹی ‘ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے نے شرکت کی، جن میں جنرل سیکرٹری جناب کاشف احمد زعیم، فنانس ڈائریکٹر جناب عمران طور، ڈاکٹر مظہر اور جناب ولیم جون شامل تھے۔ اس موقع پر پاکستانی کمیونٹی کی ممتاز شخصیات—جن میں میاں منیر، اخمت حیات راجہ، اقبال جعفر، تجمل جامی، شاہد بشیر، محمد یاسین بھٹی، شیخ جمیل، افتخار خان، سجاد شیخ، خوشنود، احمد سبحانی، ملک پرویز، سید آفتاب گیلانی، محمد صادق اور اختر سلیم کے علاوہ کمیونٹی کی کئی معززممبران بھی موجود تھے،جن کی شرکت علامہ اقبال کی میراث کے حوالے سے کمیونٹی کے جوش و خروش اور ان کی قدردانی کی عکاس تھی۔اس پروقار تقریب میں علامہ اقبال کے مربوط ادبی،شعری قومی ورثہ کی اہمیت کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا گیا جو بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں، بالخصوص نوجوان نسل کے درمیان خود شناسی، اتحاد، تعلیم اور بااختیار بنانے سے متعلق ان کے پیغام کو فروغ دینے کی بہترین کوشش کہی جا سکتی ہے۔ قوعممے تقریبات کے حوالے سے پاکستان سوشل کلب سلطنتِ عمان میں پاکستانی ثقافتی ورثے کے تحفظ اور کمیونٹی کے باہمی تعلقات کو مضبوط بنانے میں اپنا اہم کردار ادا کررہا ہے۔