آئی سی ایم آر 2026ء استنبول میں پاک ترکیہ دوستی اور برادرانہ تعلقات کا شاندار اظہار، علم، تحقیق اور محبت کا عالمی سنگم

استنبول: پاکستان اور ترکیے کے درمیان تاریخی دوستی، محبت، بھائی چارے اور باہمی احترام کے لازوال رشتے کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کے ساتھ، انٹرنیشنل کانفرنس آن مینجمنٹ ریسرچ (ICMR 2026) کے 17ویں ایڈیشن کا شاندار انعقاد استنبول آیدن یونیورسٹی، میں کیاگیا، جس میں ممتاز ماہرینِ تعلیم، محققین، پالیسی سازوں، کاروباری شخصیات اور بین الاقوامی مندوبین کی شرکت کی، شرکاء میں پروفیسر ڈاکٹر مصطفی آئیدن مہمان خصوصی، چوہدری حمزہ رحمان نائب صدر سپیریئر یونیورسٹی، ڈاکٹر یحیی بٹ، پروفیسر ڈاکٹر جلال ناظم ڈین آئیدن یونیورسٹی، ڈاکٹر نادیہ ناصر، مہوش ظفر اور اسداللہ شیخ شامل تھے۔۔اس بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد پاکستان کی سپیریئر یونیورسٹی لاہور، اور استنبول آیدن یونیورسٹی کے باہمی اشتراک اور تعاون سے کیا گیا۔ کانفرنس کا مرکزی موضوع ’’سیاحت کے ذریعے معاشی تبدیلی: پالیسیاں، جدت اور سیاحتی مقامات کا انتظام‘‘ تھا۔۔کانفرنس میں شرکت کیلئے پاکستان کی 32 جامعات سے 64 افراد کا وفد چوہدری حمزہ رحمان نائب صدر سپیریئر یونیورسٹی لاہور کی قیادت میں استنبول پہنچا، پاکستان کے نامور محققین، اساتذہ، کاروباری شخصیات اور آرٹسٹس اس وفد کا حصہ تھے۔۔ پاکستان کے علاوہ دیگر ممالک کے مندوبین بھی کانفرنس میں شریک ہوئے۔۔یہ کانفرنس محض ایک علمی سرگرمی نہیں بلکہ پاکستان اور ترکیے کے درمیان قائم تاریخی، ثقافتی اور برادرانہ تعلقات کی خوبصورت عکاسی بھی ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان محبت، اعتماد، مشترکہ اقدار اور باہمی احترام کا رشتہ نسلوں سے قائم ہے، اور یہ عالمی اجتماع اسی دوستی کو تعلیم، تحقیق، کاروبار اور ادارہ جاتی تعاون کے ذریعے مزید مستحکم کرنے کی ایک اہم کوشش ہے۔اس عالمی اجتماع کا ایک نہایت خوبصورت اور قابلِ ذکر پہلو استنبول آیدن یونیورسٹی کے بانی و صدر پروفیسر ڈاکٹر مصطفیٰ آیدن کی پاکستان اور پاکستانی عوام سے خصوصی محبت اور وابستگی تھی۔پروفیسر ڈاکٹر مصطفیٰ آیدن نے مختلف مواقع پر پاکستان کو اپنا برادر ملک قرار دیتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان موجود غیر معمولی دوستی اور محبت کے جذبات کا اظہار کیا۔ پاکستان کے ساتھ ان کی گرمجوشی، پاکستانی عوام کے لیے ان کے مثبت جذبات اور پاکستانی تعلیمی اداروں کے ساتھ ان کا تعاون اس حقیقت کو اجاگر کرتا ہے کہ پاکستان اور ترکیے کے تعلقات محض سفارتی روابط تک محدود نہیں بلکہ دلوں سے جڑے ہوئے ہیں۔پاکستان کے لیے ان کے محبت بھرے جذبات اس دیرینہ دوستی کی عکاسی کرتے ہیں جو دونوں برادر ممالک کو ایک دوسرے کے قریب لاتی ہے۔ ان کے نزدیک پاکستان اور ترکیے کے درمیان تعلقات باہمی احترام، خلوص اور مشترکہ مستقبل کی بنیاد پر استوار ہیں۔پروفیسر ڈاکٹر مصطفیٰ آیدن اور پاکستانی تعلیمی قیادت، بالخصوص سپیریئر یونیورسٹی کے درمیان روابط اس بات کی مثال ہیں کہ جب اداروں کے درمیان تعاون کے ساتھ خلوص اور دوستی بھی شامل ہو تو بین الاقوامی شراکت داری مزید مضبوط اور بامقصد بن جاتی ہے۔
پاک ترکیے تعلیمی اور سفارتی تعلقات کا نیا باب
آئی سی ایم آر 2026 دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی سفارت کاری اور بین الاقوامی ادارہ جاتی تعاون کو فروغ دینے کا ایک اہم پلیٹ فارم بھی ہے۔اس کانفرنس کا انعقاد دونوں ممالک کے درمیان تحقیق، علمی تبادلے، طلبہ و اساتذہ کے روابط، کاروباری شراکت داری اور سیاحت کے شعبوں میں نئے مواقع پیدا کرنے کی مشترکہ کوششوں کی عکاسی کرتا ہے۔آئی سی ایم آر 2026 کا مرکزی موضوع سیاحت کو معاشی ترقی، بین الاقوامی سرمایہ کاری، روزگار کے مواقع، ثقافتی تبادلے اور پائیدار ترقی کے ایک اہم محرک کے طور پر اجاگر کرنا تھا۔کانفرنس میں سیاحتی پالیسیوں، جدید ٹیکنالوجی، سیاحتی مقامات کے انتظام، مہمان نوازی، پائیدار سیاحت، سیاحتی معیشت اور عالمی سیاحت کے بدلتے رجحانات پر علمی و تحقیقی تبادلہ خیال کیا گیا۔پاکستان اور ترکیے دونوں تاریخی ورثے، قدرتی حسن، ثقافتی تنوع اور سیاحتی امکانات سے مالا مال ہیں۔ ایسے میں یہ کانفرنس دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ سیاحتی منصوبوں، سرمایہ کاری، بین الاقوامی تشہیر اور سیاحتی روابط کو فروغ دینے کے لیے ایک اہم موقع فراہم کرتی ہے۔آئی سی ایم آر 2026 کا ایک بنیادی مقصد علمی تحقیق اور عملی صنعتی ضروریات کے درمیان فاصلے کو کم کرنا ہے۔تحقیقی مقالوں کی پیشکش، ماہرین کے مباحثوں، نیٹ ورکنگ، کاروباری ملاقاتوں اور بین الاقوامی علمی تبادلے کے ذریعے یہ کانفرنس جدید معاشی اور انتظامی چیلنجز کے حل تلاش کرنے اور نئے خیالات کو عملی شکل دینے کے مواقع فراہم کرتی ہے۔یہ اجتماع پاکستان اور ترکیے کے درمیان دیرینہ دوستی کو عملی تعلیمی، تجارتی اور ادارہ جاتی شراکت داری میں تبدیل کرنے کی راہیں بھی ہموار کرتا ہے۔استنبول آیدن یونیورسٹی میں اس 17ویں ایڈیشن کا انعقاد استنبول کی بین الاقوامی علمی، ثقافتی اور سفارتی اہمیت کو مزید نمایاں کرتا ہے۔آئی سی ایم آر 2026 محض ایک بین الاقوامی کانفرنس نہیں بلکہ دو برادر ممالک کے درمیان محبت، دوستی اور باہمی تعاون کے لازوال رشتے کا ایک خوبصورت اظہار تھی۔ترک قیادت اور بالخصوص پروفیسر ڈاکٹر مصطفیٰ آیدن کی جانب سے پاکستان کے لیے ظاہر کیے جانے والے محبت اور خلوص کے جذبات، جبکہ پاکستانی تعلیمی اداروں کی بین الاقوامی تعاون کے لیے کوششیں، اس بات کی عکاسی کرتی ہیں کہ دونوں ممالک کا تعلق وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہا ہے۔پاکستان اور ترکیے تعلیم، تحقیق، سیاحت، تجارت اور کاروبار سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے نئے امکانات تلاش کر رہے ہیں۔ آئی سی ایم آر 2026 اسی مشترکہ سفر کا ایک اہم سنگِ میل ہے، جو دونوں ممالک کو علم، تحقیق اور ترقی کے ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر اکٹھا کرتا ہے۔