برطانیہ میں زیرِ تعلیم 27 سالہ بھارتی طالب علم بلال قاضی کو کم عمر بچیوں کی آن لائن جنسی استحصال، بلیک میلنگ اور ہراسانی کے سنگین جرائم میں ملوث ہونے پر 30 سال قید کی سزا سنا دی گئی ہے۔ملزم سوشل میڈیا اور آن لائن گیمز پر خود کو 14 سالہ برطانوی لڑکا ظاہر کرکے بچیوں سے دوستی کرتا، ان کا اعتماد حاصل کرنے کے بعد انہیں نامناسب تصاویر اور ویڈیوز بھیجنے پر مجبور کرتا تھا۔برطانوی خبر رساں اداروں اسکائی نیوز، آئی ٹی وی اور سرکاری کراؤن پراسیکیوشن سروس کے مطابق چیسٹر کراؤن کورٹ نے بلال قاضی کو 30 سال قید کے ساتھ مزید 8 سال توسیعی نگرانی کی سزا سنائی۔عدالتی کارروائی کے مطابق بلال قاضی نے سوشل میڈیا اور گیمنگ پلیٹ فارمز پر ’ریز‘ نامی فرضی شناخت اختیار کر رکھی تھی۔ وہ خود کو ایک 14 سالہ سفید فام برطانوی لڑکا ظاہر کرتا اور ایک نامعلوم نوجوان کی تصویر استعمال کرکے کم عمر لڑکیوں کا اعتماد حاصل کرتا تھا۔ملزم اسنیپ چیٹ، روبلوکس، وِنک اور وِز جیسی ایپس پر بچیوں سے رابطہ کرتا اور انہیں یہ یقین دلاتا کہ وہ ان کے ساتھ حقیقی رومانوی تعلق میں ہے۔ اعتماد حاصل کرنے کے بعد وہ ان سے نامناسب تصاویر اور ویڈیوز طلب کرتا اور رفتہ رفتہ مطالبات بڑھاتا چلا جاتا تھا۔