دی ہیگ : جامعہ مسجد فرید الاسلام ایمسٹرڈیم نیو ویسٹ میں سالانہ عرس مبارک غوث الورٰی، غوث الثقلین، محبوب سبحانی قطب ربّانی شیخ سیدنا عبدالقادر جیلانی قدس سرہٗ النورانی منعقد ہوا۔ عرس مبارک کی تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قران پاک سے حافظ و قاری عزیز امام دین اور محمد ابراہیم جاوید نے کیا جبکہ نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ والہ وسلم حاجی عبدالمجید سلیمان، حافظ رضا مصطفی سجاد برکاتی، شاہ زیب منیب الرحمن سجاد برکاتی، فرید قادری، فارس ابراہیم اور عبد الواجد نے پڑھی جبکہ خصوصی خطاب حضرت مولانا علامہ مفتی انصر قادری اف انگلینڈ، مفکر اسلام حضرت مولانا حافظ سجاد و برکاتی امام و خطیب جامع مسجد فرید الاسلام ایمسٹرڈیم، حضرت مولانا محمد رفیق روشن قادری نورانی سینئر امام مسجد ہذا اور حضرت مولانا فارس متین نے حضور غوث الاعظم شیخ سیدنا عبدالقادر جیلانی قدس سرہٗ النورانی کے اوصاف حمیدہ اور آپ کے سیرت و کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ آپ کی زندگی طالبان حق کے لئے مشعل راہ ہے جبکہ حضرت مولانا علامہ مفتی انصر قادری اور حضرت مولانا حافظ محمد سجاد برکاتی نے حضرت غوث اعظم شیخ سیدنا عبدالقادر جیلانی محبوب سبحانی قدس سرہٗ النورانی کے اوصاف پر سیر حاصل گفتگو فرمائی۔ اس روحانی اور بابرکت محفل سے خطاب کرتے ہوئے کہا آپ کے سیرت و کردار کو اپنانے کی سخت ضرورت ہے۔ نظامت کے فرائض استاد محمد عدنان قادری نے ادا کئے، اس روحانی محفل پاک میں اوورسیز پاکستانی اینڈ سری نام کمیونٹی جن میں جامع مسجد فرید الاسلام کے کنوینر فرید روجن اور جامعہ مسجد فرید الاسلام کے خادم مہندی خان سمیت بہت بڑی تعداد میں شرکت کی۔ محفل پاک کے اختتام پر بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں درُود و سلام کا نذرانہ عقیدت پیش کیا گیا۔ خصوصی دعا حضرت مولانا علامہ مفتی انصر قادری نے کی جبکہ اختتام پر لنگر شریف کا وسیع انتظام تھا۔