پاکستان تحریک انصاف فرانس کے زیر اہتمام عمران خان کی 74ویں سالگرہ کی پروقار تقریب

پیرس: پیرس میں پاکستان تحریک انصاف فرانس کے زیر اہتمام چیئرمین پی ٹی آئی اور سابق وزیراعظم عمران خان کی 74ویں سالگرہ کی ایک شاندار اور پروقار تقریب بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ منعقد ہوئی، جس میں پی ٹی آئی فرانس کے کارکنان، عہدیداران اور عمران خان سے محبت رکھنے والے پاکستانیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔تقریب کی میزبانی پی ٹی آئی فرانس کے نائب صدر ملک ندیم اعوان نے کی۔ تقریب کے دوران عمران خان کی سالگرہ کا کیک کاٹا گیا اور ان کی صحت، سلامتی، درازیٔ عمر اور جلد رہائی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ شرکاء نے عمران خان کی سیاسی جدوجہد، پاکستان میں آئین و قانون کی بالادستی اور جمہوری اقدار کے لیے ان کی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کیا۔مقررین نے کہا کہ عمران خان صرف ایک سیاسی رہنما نہیں بلکہ کروڑوں پاکستانیوں کے لیے امید اور حقیقی آزادی کی علامت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں پاکستان میں رول آف لا، آئین کی بالادستی، انصاف اور بنیادی انسانی حقوق کا تحفظ انتہائی ضروری ہے۔ عمران خان اور ان کے خاندان کے ساتھ پیش آنے والے حالات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مقررین نے ان کی اور ان کی بہنوں سمیت تمام اہل خانہ کے لیے بھی خصوصی دعائیں کیں۔تقریب میں خیبرپختونخوا سے اسلام آباد کی جانب جاری حقیقی آزادی لانگ مارچ کے شرکاء کے ساتھ بھی مکمل اظہار یکجہتی کیا گیا۔ مقررین نے کہا کہ ملک میں آئین و قانون کی حکمرانی اور عوام کے بنیادی حقوق کے لیے جاری جدوجہد کو کامیاب ہونا چاہیے۔ انہوں نے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں پر بھی زور دیا کہ وہ پاکستان میں جاری جمہوری جدوجہد اور حقیقی آزادی کی تحریک کے ساتھ اپنی اخلاقی اور سیاسی حمایت جاری رکھیں۔شرکاء نے عمران خان کے حق میں پرجوش نعرے لگائے اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ مشکل وقت میں اپنے قائد اور پاکستان میں جمہوریت، انصاف اور قانون کی حکمرانی کے لیے جاری جدوجہد کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔تقریب کے اختتام پر پی ٹی آئی فرانس کے صدر چودھری گلزار لنگڑیال نے تقریب کے کامیاب انعقاد پر نائب صدر ملک ندیم اعوان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے عمران خان کی سالگرہ کے موقع پر نہایت خوبصورت اور یادگار محفل سجائی۔ انہوں نے تمام مقررین، کارکنان اور شرکاء کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے بھرپور شرکت کرکے عمران خان سے اپنی محبت اور وابستگی کا اظہار کیا۔