انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں دفاعی چیمپئن پاکستان نے بھارت کو جیت کے لیے 338 رنز کا ہدف دے دیا۔عمان کے شہر الامیرات میں کھیلے جارہے میچ میں ایونٹ کی ناقابل شکست پاکستان ٹیم کے کپتان فرحان یوسف نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو اوپنرز نے 62 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا۔حیام خان 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو عبدالقادر نے کریز پر آتے ہی چھکوں اور چوکوں کی برسات کردی۔پاکستان نے پہلے پاور پلے میں ایک وکٹ کے نقصان پر 93 رنز بنائے۔عثمان خان اور عبدالقادر نے ذمہ داری سے بیٹنگ کرتے ہوئے 135 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کو بڑے ٹوٹل کے لیے بہترین بنیاد فراہم کی۔پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 337 رنز بنائے۔ عثمان خان 3 چھکوں اور 11 چوکوں کی مدد سے 111 گیندوں پر 107 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔عبدالقادر نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 54 گیندوں پر 8 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 80 رنز بنائے جبکہ کپتان فرحان یوسف نے 60 گیندوں پر 3 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 63 رنز بنائے۔بھارت کی جانب سے کاویا پاریش پٹیل نے 4، وینکاٹا نے 3 جبکہ ارجن راجپوت نے ایک وکٹ حاصل کی۔یاد رہے کہ گزشتہ ایڈیشن کے فائنل میں پاکستان نے بھارت کو ہی شکست دے کر پہلی مرتبہ ٹائٹل جیتا تھا۔