پشاور: گورنرراج کے بعد خیبرپختونخوا میں صحت کے شعبے کی بہتری کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں۔
بدلتا، نکھرتا، مضبوط خیبر پختونخوا کے تحت مشیر برائے صحت لیفٹیننٹ جنرل (ر) نگار جوہر اور سیکریٹری صحت کی قیادت میں گزشتہ ایک ماہ کے دوران محکمہ صحت کا جامع جائزہ لیا گیا۔حکومتی ذرائع کے مطابق صحت کے تمام شعبوں کی کارکردگی، انتظامی ڈھانچے اور درپیش مسائل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا جبکہ مستقبل کی اصلاحاتی حکمت عملی بھی مرتب کی گئی۔ دور دراز علاقوں میں کنٹریکٹ ڈاکٹروں کی 90 فیصد دستیابی یقینی بنانے اور 250 بنیادی ایمرجنسی زچگی و نومولود مراکز کو 24 گھنٹے فعال بنانے کا ہدف مقرر کیا گیا۔خیبر پختونخوا کے 114 رورل ہیلتھ سینٹرز کو شمسی توانائی پر منتقل کیا جائے گا جبکہ 100 نرسنگ طلبہ کو اسکالرشپس فراہم کی جائیں گی۔ خیبر پختونخوا میں جعلی اور غیر معیاری ادویات کی روک تھام کے لیے طویل عرصے سے غیر فعال موبائل ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹریز کو دوبارہ فعال کر دیا گیا ہے۔محکمہ صحت کے 12 ترجیحی اصلاحاتی منصوبوں کی مجموعی تخمینہ لاگت 7 ارب 10 کروڑ 29 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے۔