ذیابیطس کے مریضوں کے لیے بڑی خبر، دانتوں کو سہارا دینے والی ہڈیوں کی بحالی پر اہم تحقیق

ٹائپ ٹو ذیابیطس نہ صرف جسم کے مختلف اعضا بلکہ دانتوں اور منہ کی صحت کو بھی متاثر کرتی ہے جس سے دانت کمزور اور ڈھیلے ہو کر گر سکتے ہیں۔29 اکتوبر 2026 کو سائنسی جرنل انٹرنیشنل جرنل آف اورل سائنس میں شائع ہونے والی تحقیق میں مخصوص ہارمونز کے ذریعے متاثرہ ہڈیوں کی بحالی کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔انڈیانا یونیورسٹی اور یونیورسٹی آف آرکنساس کے محققین نے پیرا تھائیرائیڈ ہارمون (پی ٹی ایچ) اور ابالوپاراٹائیڈ (اے بی ایل) کے اثرات کا مطالعہ کیا۔تحقیق کے مطابق ذیابیطس دانتوں کو جبڑے کی ہڈی سے جوڑ کر رکھنے والی ایلوولر بون کو نقصان پہنچا سکتی ہے۔ اس کے علاوہ ذیابیطس کے مریضوں میں پیریوڈونٹائٹس یعنی مسوڑھوں کی دائمی سوزش کا خطرہ بھی زیادہ ہوتا ہے۔مطالعے کے لیے محققین نے زیادہ چکنائی والی خوراک اور اسٹریپٹوزوٹوسن کے ذریعے ذیابیطس میں مبتلا کیے گئے چوہوں پر تجربات کیے اور جدید اسکیننگ اور بافتوں کے تجزیے کے ذریعے ہڈیوں کی نئی تشکیل اور پرانی ہڈیوں کے تحلیل ہونے کے عمل کا جائزہ لیا گیا۔تحقیق میں جینیاتی طور پر تبدیل کیے گئے چوہوں کی مدد سے ہڈیوں کی بحالی میں اہم کردار ادا کرنے والے خلیات کا بھی مطالعہ کیا گیا۔ماضی کی تحقیقات میں ان ہارمونز سے ہڈیوں کی افزائش اور مسوڑھوں کی بحالی کے امکانات سامنے آ چکے ہیں۔ تاہم، ذیابیطس کے مریضوں میں ان کے اثرات اور کام کرنے کے طریقہ کار کے بارے میں معلومات محدود تھیں۔یہ تحقیق ذیابیطس کے مریضوں میں دانتوں اور جبڑے کی ہڈیوں کے مسائل کے ممکنہ علاج کی نئی راہیں کھول سکتی ہے۔چونکہ یہ تجربات چوہوں پر کیے گئے ہیں اس لیے انسانوں میں ان ہارمونز کی افادیت اور حفاظت ثابت کرنے کے لیے مزید تحقیق ضروری ہے۔