پاکستانی کھانے خاص طور پر چکن کڑاہی، پراٹھا اور نان بہت پسند ہیں:کپتان مارنس لبوشین

حیدر آباد کنگز مین کے کپتان مارنس لبوشین نے کہا ہے کہ ہمیں بیٹنگ اور بولنگ دونوں میں اچھا آغاز درکار ہے، کھیل کے ہر شعبے میں بہتری کی گنجائش موجود ہے پہلی مرتبہ پاکستان سپر لیگ میں شرکت کرنے والے آسٹریلوی اسٹار نے خصوصی انٹرویو میں کہا کہ یہ ایک بہت اچھا تجربہ رہا ہے ابتدائی 2 میچز ہمارے لیے منصوبے کے مطابق نہیں گزرے لیکن کئی مثبت پہلو موجود ہیں، جیسے جیسے ہم ایونٹ میں آگے بڑھیں گے کارکردگی مزید بہتر ہوتی رہے گی، ہمارے لیے اصل بات اعتماد پیدا کرنا اور ایک دوسرے کے کھیل کو سمجھنا ہے مارنس لبوشین کا کہنا تھا کہ حیدرآباد کنگزمین ایک نئی ٹیم ہے، تمام کھلاڑیوں کے ساتھ جان پہچان بڑھانا اور ایک ساتھ سفر جاری رکھنا بہت خوشگوار ہے، میں ابھی پلیئرز کے انداز کھیل کو بہتر طور پر سمجھ رہا ہوں، یہ عمل میرے لیے نہایت دلچسپ ہے، ہماری ٹیم کے لیے یہ سیزن بہت سنسنی خیز ہوگا لبوشین کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل میں کپتانی کے پہلے تجربے میں کئی چیلنجز ہیں، سب سے اہم بات کھلاڑیوں کو سمجھنا، ان کی صلاحیتوں کو جاننا اور میدان میں مدد کرنا ہے، پی ایس ایل مختلف ممالک کے کھلاڑیوں سے ملنے اور سیکھنے کا ایک بہترین موقع ہے۔