صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین کا دورہ گجرات،مکمل ہوئے والی ترقیاتی سکیموں کا افتتاح

گجرات:صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے گجرات کا دورہ کیا جہاں انہوں نے مکمل ہونے والی ترقیاتی سکیموں کا افتتاح کیا اور جاری منصوبوں پر کام کی رفتار کا جائزہ لیا۔صوبائی وزیر نے سیوریج نالہ جولائی اور یونین کونسل 10 میں واٹر فلٹریشن پلانٹ کا افتتاح کیا۔ بعد ازاں انہوں نے مدینہ سیداں میں زیرِ تعمیر ڈسپوزل اسٹیشن کی سائٹ کا معائنہ کیا اور گجرات ریلوے سٹیشن کا دورہ کرتے ہوئے ویٹنگ رومز، ٹکٹنگ آفس اور دیگر حصوں کا تفصیلی جائزہ لیااس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چوہدری شافع حسین نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے بھر میں ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھا دیا ہے اور مکمل ہونے والے میگا پراجیکٹس سے عوام براہِ راست مستفید ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے فراہم کردہ فنڈز سے گجرات میں بھی اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے اور شہر کی ترقی کے لیے فنڈز کی فراہمی پر وہ وزیر اعلیٰ کے مشکور ہیں۔انہوں نے کہا کہ چوہدری شجاعت حسین کی قیادت میں گجرات کا نقشہ بدل دیں گے۔ مدینہ سیداں میں زیرِ تعمیر ڈسپوزل اسٹیشن کو انہوں نے علاقے کے عوام کے لیے انمول تحفہ قرار دیا اور کہا کہ گزشتہ سیلاب کے دوران کشمیر سے آنے والے ریلے سے شہر متاثر ہوا جبکہ بعض شرارتی عناصر نے بند توڑنے کی کوشش بھی کی۔ آئندہ کسی بھی ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کیے جا رہے ہیں اور عوام بھی شرارتی عناصر پر کڑی نظر رکھیںصوبائی وزیر نے کہا کہ ترقیاتی سکیموں کی بروقت، معیاری اور شفاف تکمیل کے لیے عوامی نگرانی ناگزیر ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ مدینہ سیداں میں کھیل کا میدان قائم کیا جائے گا اور اس سلسلے میں صوبائی وزیر کھیل سے بات کی جائے گی۔انہوں نے مزید بتایا کہ گجرات ریلوے اسٹیشن کو اپ گریڈ کیا جائے گا، اس حوالے سے ریلوے حکام سے بات چیت ہو چکی ہے اور اپ گریڈیشن سے مسافروں کو بہتر سہولیات میسر آئیں گی دورے کے موقع پر پاکستان مسلم لیگ گجرات سٹی کے صدر علی آباد جوڑا، پارٹی کارکنان اور متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ شہریوں نے کروڑوں روپے کی ترقیاتی سکیموں کی تکمیل پر چوہدری شافع حسین سے اظہارِ تشکر کیا۔