صوبائی محتسب پنجاب کے ضلعی انچارج محمد رفیق کی کنجاہ میں کچہری

صوبائی محتسب پنجاب صوبائی محتسب پنجاب کے ریجنل آفس گجرات کے انچارج محمد رفیق نے میونسپل کمیٹی کنجاہ میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا، جس میں شہریوں نے بھرپور شرکت کرتے ہوئے اپنے مسائل پیش کیے۔ کھلی کچہری کا مقصد عوام کو ان کی دہلیز پر فوری انصاف اور سرکاری اداروں سے متعلق شکایات کے ازالے کا موقع فراہم کرنا تھا۔تفصیلات کے مطابق کھلی کچہری میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور زیادہ تر شکایات پراپرٹی ٹیکس اور دیگر ریونیو معاملات سے متعلق تھیں۔ شہریوں نے متعلقہ محکموں کی جانب سے ٹیکسوں میں غیر معمولی اضافہ اور عدم شفافیت پر تشویش کا اظہار کیا۔اس موقع پر صدر تحصیل پریس کلب کنجاہ بلال بٹ نے خطاب کرتے ہوئے کنجاہ کے عوام کو درپیش مسائل کی نشاندہی کی۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ ایکسائز کا عملہ شہریوں کو ایک سال 25 ہزار روپے پراپرٹی ٹیکس کا نوٹس بھیجتا ہے جبکہ اگلے سال بغیر کسی واضح بنیاد کے یہی ٹیکس بڑھا کر دو لاکھ روپے تک کر دیا جاتا ہے، جس سے شہری شدید ذہنی اذیت اور مالی دباو¿ کا شکار ہو رہے ہیں۔ بلال بٹ نے مطالبہ کیا کہ محکمہ ایکسائز پنجاب کنجاہ میں اپنے دفتر کے باہر پراپرٹی ٹیکس کی مکمل اور واضح ریٹ لسٹ آویزاں کرے تاکہ شہریوں کو اصل ٹیکس سے آگاہی حاصل ہو سکے اور وہ بغیر کسی خوف یا دباو¿ کے اپنا واجب الادا ٹیکس جمع کرا سکیں۔ صوبائی محتسب کے نمائندے محمد رفیق نے شہریوں کے مسائل غور سے سنے اور یقین دہانی کرائی کہ تمام شکایات کو میرٹ پر حل کیا جائے گا اور متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کی جائیں گی تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کا فوری ازالہ ممکن بنایا جا سکے۔ شہریوں نے کھلی کچہری کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس اقدام سے عوامی مسائل کے حل میں مثبت پیش رفت ہوگی۔