گجرات:مردہ مرغیوں کا بڑا سٹاک چیک پوسٹ پر پکڑا گیا‘ مقدمہ درج

پنجاب فوڈ اتھارٹی گجرات نے محکمہ لائیو سٹاک کے تعاون سے مردہ مرغیوں کی غیر قانونی ترسیل کے خلاف کارروائی کی گلیاں والا چوک گجرات کے قریب پولیس چیک پوسٹ پر کی گئی جہاں فوڈ سیفٹی ٹیم نے ایک گاڑی کو روک کر چیک کیا۔ گاڑی میں تقریباً 2400 کلوگرام مردہ مرغیاں موجود تھیں۔ موقع پر محکمہ لائیو سٹاک کے ویٹرنری آفیسر کو بھی بلایا گیا جنہوں نے معائنہ کے بعد بتایا کہ مرغیوں کے جسم کا رنگ نیلا تھا اور یہ انسانی استعمال کے لیے غیر موزوں تھیں۔ بعد ازاں پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے تمام 2400 کلوگرام مردہ مرغیاں موقع پر ہی ضبط کر کے ستھرا پنجاب کے مقررہ ڈمپنگ پوائنٹ پر تلف کر دیں۔ حکام کے مطابق واقعہ میں ملوث افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ عوام کو غیر معیاری اور مضر صحت گوشت کی فراہمی روکنے کے لیے کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔