پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 55روپے فی لیٹر اضافہ تشویشناک امر ہے: احمد حسن مٹو

صدر گجرات چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری احمد حسن مٹو نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں فی لیٹر 55 روپے کے اچانک اضافے پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس غیر متوقع اضافے کے بعد پاکستان میں ایندھن کی قیمتیں خطے کے بیشتر ممالک کے مقابلے میں نمایاں طور پر زیادہ ہو گئی ہیں، جس سے کاروبار، صنعتوں، ٹرانسپورٹرز، کسانوں اور عام شہریوں پر مزید معاشی دباؤ پڑے گا۔ انہوں نے بتایا کہ خطے میں پیٹرول کی قیمتوں کے تقابلی جائزے کے مطابق پاکستان میں پیٹرول کی قیمت تقریباً 321.17 روپے فی لیٹر (تقریباً 1.15 ڈالر) ہو چکی ہے جبکہ بھارت میں 94.77 بھارتی روپے (تقریباً 1.03 ڈالر)، سری لنکا میں 293 سری لنکن روپے (تقریباً 0.94 ڈالر) اور بنگلہ دیش میں 116 ٹکا (تقریباً 0.95 ڈالر) فی لیٹر ہے۔ اس اضافے کے نتیجے میں ٹرانسپورٹ کے اخراجات میں نمایاں اضافہ، صنعتی پیداوار کی لاگت میں اضافہ، خوراک اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مزید اضافہ، برآمدات کی مسابقت میں کمی اور عام شہری پر اضافی مالی بوجھ جیسے سنگین معاشی مسائل پیدا ہوں گے۔ انہوں نے وزیر اعظم پاکستان سے اپیل کی کہ موجودہ معاشی حالات، بڑھتی ہوئی مہنگائی اور برآمدات و صنعتی ترقی کو فروغ دینے کی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کا فوری جائزہ لیا جائے اور اس فیصلے پر نظر ثانی کی جائے تاکہ معیشت کو استحکام اور صنعتوں کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔