ڈی آئی خان؛ دہشتگردوں کو جدید اسلحہ فراہم کرنے کی کوشش ناکام

ڈی آئی خان: پولیس نے دہشت گردوں کو جدید اسلحہ فراہم کرنے کی کوشش ناکام بنادی۔
ڈیرہ اسماعیل خان میں مغل کوٹ پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کو جدید اسلحہ فراہم کرنے کی کوشش ناکام بنا دی اور 2 گاڑیوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور ایمونیشن برآمد کرلیا۔حکام کے مطابق مغل کوٹ چیک پوسٹ پر ناکہ بندی کے دوران 2 مشکوک کاروں کی تلاشی لی گئی، جس کے دوران گاڑیوں میں بنائے گئے خفیہ خانے پکڑے گئے۔ کارروائی کے دوران 2 عدد HMG رائفلیں، 5 عدد M249 بیرلز اور 22 عدد 12 بور بیرلز برآمد کیے گئے۔پولیس نے 2700 عدد M4 کارتوس، 120 خالی M4 میگزین اور بھاری مقدار میں دیگر اسلحہ بھی برآمد کرلیا۔ پولیس کے مطابق اسلحہ اسمگلنگ میں ملوث ہونے کے شبہے میں 3 ملزمان احسان اللہ، ربنواز اور زاہد آفریدی کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔گرفتار ملزمان کا تعلق پشاور اور کوہاٹ سے ہے، جن کے خلاف پولیس نے مقدمات درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔ یہ کارروائی ڈی پی او ضیا الدین احمد کی زیر نگرانی کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی اور غیر قانونی اسلحے کی نقل و حمل میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔