امریکی ٹیلی وژن کی دنیا کے معروف ڈائریکٹر جیمز بروز 85 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔جیمز بروز مشہور سیریز ’فرینڈز‘ کے متعدد ایپی سوڈز کی ہدایت کاری اور ’چیئرز‘ کی تخلیق میں شریک ہونے کے باعث عالمی شہرت رکھتے تھے۔غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق جیمز بروز 19 جون کو اپنی فیملی کے ساتھ تھے جب وہ اس دنیا سے رخصت ہوئے۔ان کے اہل خانہ نے تصدیقی بیان میں کہا کہ وہ گزشتہ پانچ دہائیوں کے دوران ٹیلی وژن انڈسٹری کی سب سے بااثر اور محبوب شخصیات میں شمار ہوتے تھےبیان میں مزید کہا گیا کہ بروز نے ایک ہزار سے زائد ٹی وی اقساط کی ہدایت کاری کی اور ’دی بگ بینگ تھیوری‘، ’ٹیکسی‘ ، ’فریزر‘ اور ’ول اینڈ گریس‘ جیسے مقبول شوز کی تشکیل میں اہم کردار ادا کیا۔30 دسمبر 1940 کو پیدا ہونے والے جیمز بروز نے اپنے کیریئر میں 11 ایمی ایوارڈز اور پانچ ڈائریکٹرز گلڈ ایوارڈز بھی جیتے۔اہل خانہ نے انہیں نہ صرف ایک عظیم فنکار بلکہ ایک شفیق شوہر، والد اور دادا کے طور پر یاد کیا ہے۔