ڈپٹی کمشنر گجرات کی ہدایات اور سی ای او ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی گجرات کی سربراہی میں ڈی ڈی ایچ او گجرات ڈاکٹر محمد عثمان نعیم نے مختلف علاقوں میں انسدادِ عطائیت کے تحت کارروائیاں کیں۔کٹھالہ چناب اور جلالپور جٹاں سمیت مختلف مقامات پر مجموعی طور پر پانچ کلینکس کا معائنہ کیا گیا جن میں عارف کلینک کٹھالہ چناب، قمر کلینک کٹھالہ، وقاص کلینک جے پی جے، رحمان ڈینٹل کلینک اور خادم میڈیکل اسٹور کٹھالہ شامل ہیں۔کارروائی کے دوران عارف کلینک کٹھالہ چناب اور وقاص کلینک جلالپور جٹاں میں عطائیت ثابت ہوئی جہاں غیر مستند افراد ایلوپیتھک ادویات کے ذریعے جنرل او پی ڈی چلا رہے تھے۔ موقع سے بڑی تعداد میں استعمال شدہ سرنجیں برآمد ہوئیں۔ تصویری شواہد اور نمونے حاصل کر کے دونوں کلینکس کو سیل کر دیا گیا جبکہ کیسز کے چالان مزید قانونی کارروائی کے لیے پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کو بھجوا دیے گئے۔قمر کلینک کٹھالہ پر معائنے کے دوران ڈاکٹر چھاپے کے بعد پہنچے تاہم ان کی پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن سے رجسٹریشن نہ ہونے پر کلینک سیل نہیں کیا گیا بلکہ چالان مزید کارروائی کے لیے جمع کروا دیا گیا۔مجموعی طور پر پانچ کلینکس کا معائنہ کیا گیا، دو کو سیل کیا گیا، تین کے چالان جمع کروائے گئے جبکہ دو کو وارننگ جاری کی گئی۔ ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ عطائیت کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی۔