گجرات:صدر گجرات چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری احمد حسن نے ادارة المصطفیٰ میں لائبریری کے افتتاح کی تقریب میں خصوصی شرکت کی۔ یہ شرکت معروف اسلامی اسکالر رضا ثاقب مصطفائی کی دعوت پر عمل میں آئی۔تقریب کے موقع پر رضا ثاقب مصطفائی نے احمد حسن کو ادارے کا تفصیلی دورہ کروایا اور مختلف شعبہ جات کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے ادارة المصطفیٰ کی فلاحی، تعلیمی اور سماجی خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ کس طرح یہ ادارہ مستحق افراد کی خدمت میں مصروفِ عمل ہے۔احمد حسن نے لائبریری کے قیام کو ایک مثبت اور تعمیری قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ علم و آگاہی کے فروغ کے لیے اس طرح کے اقدامات نہایت اہمیت کے حامل ہیں، اور گجرات کی تاجر برادری فلاحی و تعلیمی سرگرمیوں میں ہمیشہ اپنا کردار ادا کرتی رہے ۔