گجرات:وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب کے تمام وسائل نوجوان طلبہ کے لیے مختص کر دئیے گئے ہیں۔پنجاب کے نو جوان ہمارا روشن مستقبل ہیں۔دنیا کا کامیابی سے مقابلہ کرنے کے لیے ہمیں طلبہ کو دور حاضر کی جدید ترین ٹیکنالوجی لیپ ٹاپ، کمپیوٹر و دیگر سے لیس کرتے ہوئے ان کی ذہانت و صلاحیت کو خراج تحسین پیش کرنا ہے۔پنجاب کے نوجوانوں کے خوابوں کو تعبیر عطا کرنا میری اور حکومت پنجاب کی سب سے بڑی ذمہ داری ہے۔لیپ ٹاپ اور ہونہار سکالرشپ طلبہ کی محنت و صلاحیت کا گرانقدر انعام ہیں۔طلبہ کو لیپ ٹاپ اور ہونہار سکالرشپ مکمل طور پر میرٹ کی بنیاد پر دیئے جا رہے ہیں۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ان خیالات کا اظہار یونیورسٹی آف گجرات میں حکومت پنجاب کی جانب سے منعقدہ تقریب تقسیم لیپ ٹاپ وہونہار سکالرشپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس تقریب میں گوجرانوالہ و گجرات ڈویژن کی یونیورسٹیوں اور ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے کالجوں کے طلبہ میں چیف منسٹر لیپ ٹاپ پروگرام کے تحت لیپ ٹاپ اور ہونہار سکالرشپ تقسیم کیے گئے۔محترمہ مریم نواز شریف نے اعلیٰ سطح پر تعلیم حاصل کرتے ہوئے بہترین کارکردگی اور قابل مثال تعلیمی نتائج کے حامل طالب علموں میں لیپ ٹاپ اور ہونہار سکالرشپ تقسیم کرتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کی۔وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے گوجرانوالہ و گجرات ڈویژن کی مختلف یونیورسٹیوں اور کالجوں کے تقریباً 3000طلبہ میں لیپ ٹاپ اور ہونہار سکالرشپ تقسیم ہوئے۔جامعہ گجرات کے 846طلبہ کو لیپ ٹاپ اور268طلبہ کو ہونہار سکالرشپ ملے۔تقریب میں صوبائی وزرا،قومی و صوبائی اسمبلیوں کے اراکین،اراکین پارلیمنٹ،مختلف یونیورسٹیوں کے وائس چانسلر،ضلعی انتظامیہ کے ممتاز عہدیداران،ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے عہدیداران اورمختلف یونیورسٹیوں و کالجوں کے طلبا و طالبات و دیگر شریک ہوئے۔محترمہ مریم نواز شریف نے مزید کہا کہ طلبہ کے چہروں کی مسکراہٹ اور آنکھوں کی چمک دیکھ کر واضح ہے کہ پنجاب آگے بڑھ رہا ہے۔ میرے خیال میں پنجاب آگے بڑھ کر کامیابی کی نئی مثال قائم کر رہا ہے۔ گجرات کے طالب علموں کا جوش اس بات کا ثبوت ہے کہ ہمارے ہر بیٹے اور ہر بیٹی کا مستقبل روشن ہے۔پنجاب کے تمام وسائل آپ کی تعلیم اور خوابوں کے لیے وقف ہیں۔طلبہ میں بہترین تعلیم کا ذوق و سہولت پیدا کرنا ہی اصل خدمتِ وطن ہے۔اقتدار عوام کی جانب سے سونپی گئی ایک امانت ہے۔نوجوان طلبہ کا خلوص و عزم وطن عزیز پاکستان کو اقوام عالم میں ایک مثبت پہچان عطا کرے گا۔صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کہا کہ حکومت پنجاب اپنے طلبہ میں 30ارب کے لیپ ٹاپ اور 15ارب کے ہونہار سکالرشپ تقسیم کرتے ہوئے علم و عمل کی راہوں پر ان کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے۔حکومت پنجاب میرٹ و شفافیت کے ایجنڈا پر کامیابی سے عمل پیرا ہے۔آئندہ سالوں میں ہونہار و محنتی طلبہ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے لیپ ٹاپ اور ہونہار سکالرشپ کی تعداد کو بڑھایا جائے گا۔رانا سکندر حیات نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظہور الحق کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا انہیں جامعہ گجرات کا وائس چانسلر بنانے کا فیصلہ ایک احسن اقدام تھا اور ڈاکٹر ظہور الحق نے ایک سال میں جامعہ گجرات کو نہ صرف پاکستان کی 10 بہترین جامعات میں مقام دلایا ہے بلکہ محض ایک سال کے عرصہ میں آمدنی میں 21فیصد اضافہ کیا ہے جو قابل ستائش ہے۔وزیر تعلیم نے مزید کہا کہ جامعہ گجرات کا ہر تیسرا طالب علم اس وقت سکالرشپ پر تعلیم حاصل کر رہا ہے جو باقی یونیورسٹیوں کے لیے قابل تقلید مثال ہے۔مزید براں وزیر تعلیم کی جانب سے جامعہ گجرات میں طالبات کے لیے ایک نئے ہاسٹل کی تعمیر کا عندیہ بھی دیا گیا۔تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک اور نعت رسول مقبول سے ہوا۔محترمہ مریم نواز شریف نے خوبصورت انداز میں قومی ترانہ اور ملی نغمات پیش کرنے والی طلبہ ٹیموں کو نقد انعامات پیش کیے۔پنڈال میں موجود طلبہ نے والہانہ انداز اپناتے ہوئے بھرپور تالیوں کی گونج میں وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کا استقبال کیا۔گجرات پولیس کے ایک چاق و چوبند دستہ نے وزیر اعلیٰ کی خصوصی ہدایات پر لیپ ٹاپ و ہونہار سکالرشپ حاصل کرنے والے طلبہ کو گارڈ آف آنر پیش کیا جبکہ محکمہ پولیس کے خواتین ونگ نے وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کو خصوصی گارڈ آف آنر پیش کرتے ہوئے ان کی عزت افزائی کی۔جامعہ گجرات کے طالب علم محمد جمیل نے اپنی ہونہار کہانی پیش کرتے ہوئے چیف منسٹرلیپ ٹاپ سکیم کی قدر افزائی کی۔وزیر اعلیٰ نے اپنی تقریر سے قبل جامعہ گجرات کی ایک طالبہ کو مدعو کیا جس نے وزیر اعلیٰ کے ترقیاتی اقدامات کی توصیف کرتے ہوئے طلبہ کی صلاحیت و قابلیت کو نکھارنے کے سلسلہ میں چیف منسٹر لیپ ٹاپ سکیم کے مختلف روشن پہلوؤں کو بخوبی اجاگر کیا۔تقریب میں وائس چانسلر جامعہ گجرات و یونیورسٹی آف رسول پروفیسر ڈاکٹر ظہورالحق تمغہ امتیاز،وائس چانسلر سرگودھا یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹرقیصر عباس،وائس چانسلر یونیورسٹی آف نارووال پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق،وائس چانسلرگورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ ڈاکٹر شازیہ بشیر، صوبائی وزراء و اراکین اسمبلی مریم اورنگزیب،عظمیٰ بخاری،چوہدری شافع حسین،پرویز رشید،خرم دستگیر،سائرہ افضل تارڑ،بلال فاروق تارڑ،احمد اقبال،ذیشان رفیق و دیگر نے شرکت کی۔چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان،سیکرٹری ہائر ایجوکیشن غلام فرید، ڈپٹی کمشنر گجرات نورالعین قریشی،ڈسٹرکٹ پولیس افسر رانا عمر فاروق اور صوبہ پنجاب کی انتظامیہ کے دیگر عہدیداران نے بھی شرکت کی۔