فن ٹیک اور ٹیکسٹائل کے شعبوں میں پاکستان اور برطانیہ کی باہمی تجارت بڑھانے کی وسیع گنجائش ہے: ہائی کمشنر ٹیپو عثمان

لندن : برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر جناب ٹیپو عثمان نے آج یونیورسٹی آف بریڈفورڈ میں منعقدہ ویسٹ یارکشائر۔پاکستان ٹریڈ، انویسٹمنٹ اینڈ انوویشن سمٹ2026سے کلیدی خطاب کیا۔ اجلاس کا اہتمام ویسٹ یارکشائر کمبائنڈ اتھارٹی اور برٹش فرینڈز آف پاکستان نے یونیورسٹی آف بریڈفورڈ اور ٹیکسٹائل سینٹر آف ایکسیلنس کے اشتراک سے کیا۔ اجلاس میں ممتاز کاروباری شخصیات، سرمایہ کاروں، سرکاری حکام، ماہرینِ تعلیم اور صنعتی ماہرین نے شرکت کی۔ اس کا مقصد پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، جدت اور ہنرمندی کے شعبوں میں عملی شراکت داری کو فروغ دینا تھا، جس میں بالخصوص ٹیکسٹائل، مصنوعات سازی اور خوراک کے شعبوں پر توجہ دی گئی۔ہائی کمشنر ٹیپو عثمان نے اپنے خطاب میں کہا کہ اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی ان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔ بریڈفورڈ کے اپنے پہلے دورے کے موقع پر انہوں نے شہر کے لوگوں اور ان کی پُرتپاک مہمان نوازی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ بریڈفورڈ ”Little Pakistan‘ کے نام سے معروف ہے اور یہاں بڑے تعداد میں برطانوی پاکستانی آبادہیں۔ انہوں نے ان برطانوی مقامی برادریوں کو خراجِ تحسین پیش کیا جنہوں نے 1960 کی دہائی سے یہاں آنے والے پاکستانیوں کا خیرمقدم کیا اور انہیں رہائش،
روزگار اور آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کیے۔ ان مواقع کی بدولت پاکستانیوں نے یہاں کامیابیاں حاصل کیں اور برطانیہ کی معیشت اور معاشرے میں اپنا کردار ادا کیا۔ہائی کمشنر ٹیپو عثمان نے پاکستان میں معاشی استحکام اور جاری اصلاحات کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ لندن کے مالیاتی اور بیمہ شعبوں سے وابستہ آزاد تجزیہ کاروں نے پاکستانی معیشت کی کامیاب بحالی کو تسلیم کیا ہے۔ انہوں نے اس حوالے سے وزیراعظم کی حالیہ اعلیٰ سطحی ملاقاتوں اور مصروفیات کا بھی حوالہ دیا، جن میں لندن اسٹاک ایکسچینج کا دورہ شامل تھا۔ ہائی کمشنر نے علاقائی امن و سلامتی کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار کو بھی اجاگر کیا۔ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستان برطانیہ کو مزید ٹیکسٹائل مصنوعات برآمد کر سکتا ہے۔ انہوں نے تجویز دی کہ پاکستانی صنعت ٹیکسٹائل سینٹر آف ایکسیلنس جیسے برطانوی اداروں کے ساتھ مل کر نئے دھاگے، ریشے اور دیگر مصنوعات تیار کرے۔ انہوں نے کہا کہ ان مصنوعات کی تیاری میں صنعت کے بدلتے معیار، مزدوروں کے حقوق اور ماحول کے تحفظ کا خیال رکھا جائے۔ہائی کمشنر نے دونوں ملکوں کی کمپنیوں کو مل کر پیداواری منصوبے شروع کرنے کی ترغیب دی۔ انہوں نے کہا کہ اس سے پاکستانی صنعت کو برطانیہ کے جدید پیداواری طریقے اپنانے کا موقع ملے گا اور دونوں ملکوں کے کاروبار کو فائدہ ہوگا۔ انہوں نے وائس چانسلر اور یونیورسٹی کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا اور نوجوانوں کو مستقبل کی قیادت کے لیے تیار کرنے، نئی تحقیق کرنے اور صنعت کو تربیت یافتہ افراد فراہم کرنے میں یونیورسٹی کے کردار کو سراہا۔اجلاس میں پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات کی مضبوط بنیاد اور دونوں ملکوں کے عوام کے دیرینہ روابط کو اجاگر کیا گیا۔ ویسٹ یارکشائر میں تقریباً ڈھائی لاکھ پاکستانی نژاد افراد آباد ہیں، جو کاروبار، عوامی خدمات اور علمی شعبوں میں نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں۔ دونوں ممالک کی سالانہ تجارت چھ ارب پاؤنڈ تک پہنچ چکی ہے اور اس میں اضافہ ہو رہا ہے۔دونوں ملک نئی اقسام کے صنعتی مواد، ماحول دوست طریقوں سے پیداوار اور حلال خوراک کے بڑھتے ہوئے شعبے میں مل کر تجارت کو مزید بڑھا سکتے ہیں۔ جامعات اور ہنرمندی کے پروگراموں کے ذریعے علم اور مہارت کے تبادلے سے بھی تعاون کو مزید وسعت دی جا سکتی ہے۔