وسیم اکرم اور محمد حفیظ کا سینڈ پیپر تنازع پر ردعمل، کمنز کے مؤقف پر سوالات اٹھا دیے

پاکستان کے سابق کپتان اور لیجنڈری فاسٹ بولر وسیم اکرم نے بال ٹیمپرنگ کے بدنام زمانہ سینڈ پیپر تنازع پر خاموشی توڑتے ہوئے پیٹ کمنز کے بیان پر شکوک کا اظہار کیا ہے۔وسیم اکرم نے سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو میں کہا کہ کسی بھی تجربہ کار بولر کے لیے گیند کو دیکھ کر یہ پہچاننا مشکل نہیں کہ اسے قدرتی طور پر کھردرا کیا گیا ہے یا سینڈ پیپر سے نقصان پہنچایا گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ عام حالات میں گیند پر پڑنے والے نشانات اور سینڈ پیپر سے لگنے والی خراشوں میں واضح فرق ہوتا ہے۔انہوں نے کرکٹ شائقین کو مشورہ دیا کہ وہ نئی گیند اور سینڈ پیپر کے ذریعے خود بھی اس فرق کا مشاہدہ کرسکتے ہیں۔وسیم اکرم نے واضح کیا کہ ان کا مقصد کسی کی حمایت یا مخالفت کرنا نہیں تاہم آسٹریلوی کرکٹ کی پہچان دیانت داری اور کھیل میں سخت مقابلہ ہے۔دوسری جانب سابق پاکستانی کرکٹر محمد حفیظ نے بھی سوشل میڈیا پر سینڈ پیپر تنازع کے حوالے سے پیٹ کمنز کے مؤقف پر تنقید کرتے ہوئے اسے بے معنی قرار دیا۔