بھارت: انڈر 19 ویمن کرکٹر کی خودکشی، اہلخانہ کا دو نوجوانوں پر ہراسانی کا الزام

بھارتی ریاست تلنگانہ میں بی سی سی آئی انڈر 19 ویمنز کرکٹ ٹیم کی 17 سالہ کھلاڑی نندنی مبینہ طور پر خودکشی کے باعث انتقال کرگئیں۔ ان کی لاش ضلع ویکارآباد میں واقع ان کی نانی کے گھر سے ملی۔بھارتی میڈیا کے مطابق واقعے کے بعد نندنی کے اہل خانہ اور رشتہ داروں نے احتجاج کرتے ہوئے دو نوجوانوں انیل اور کرشنا کو واقعے کا ذمہ دار قرار دیا ہے۔اہل خانہ کا الزام ہے کہ انیل گزشتہ چند روز سے محبت کے نام پر نندنی کا پیچھا اور ہراساں کر رہا تھا جبکہ دوسرا نوجوان کرشنا مبینہ طور پر اس کی مدد کرتا تھا۔ اہل خانہ نے دونوں کی فوری گرفتاری اور سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔پولیس نے واقعے اور مبینہ ہراسانی کی تحقیقات شروع کردی ہیں جبکہ نندنی کا موبائل فون فرانزک تجزیے کے لیے قبضے میں لے لیا گیا ہے۔پولیس نے پوسٹ مارٹم کے بعد لاش اہل خانہ کے حوالے کردی ہے جبکہ نندنی کے والد کی شکایت پر مشتبہ موت کا مقدمہ بھی درج کرلیا گیا ہے۔