مشینری تباہ کرنیکا الزام‘24خواتین سمیت43نامزد 20نامعلوم افراد کیخلاف مقدمہ

تھانہ منگوال کے علاقے میں بااثر مقامی افراد اور خواتین کے گروہ نے ٹھیکیدار کی مشینری پر دھاوا بول دیا، ٹریکٹر ٹرالیوں اور مشینوں میں ریت اور مٹی ڈال کر اسے ناکارہ بنا دیا۔ پولیس نے متاثرہ ٹھیکیدار کی مدعیت میں نامزد ملزمان اور درجنوں نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔متاثرہ ٹھیکیدار چوہدری پرویز اسلم نے پولیس کو دی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ انہوں نے محکمہ معدنیات سے قانونی طور پر ریت نکالنے کا ٹھیکہ لے رکھا ہے جس کی بھاری رقم سرکار کو ادا کی جا چکی ہے۔ تاہم، گزشتہ روز مقامی افراد، جن میں خواتین بھی شامل تھیں، نے ایک منظم گروہ کی صورت میں آ کر کام کرنے والوں کو زبردستی روک لیا۔درخواست گزار کے مطابق، مشتعل افراد نے گالم گلوچ کی اور دھمکیاں دیں کہ اگر دوبارہ ریت نکالنے کی کوشش کی تو انہیں جان سے مار دیا جائے گا۔ ملزمان نے نہ صرف ٹریکٹر ٹرالیوں اور لوڈر مشینوں میں زبردستی ریت اور مٹی بھر دی، بلکہ مشینوں کے انجن اور آئل ٹینکیوں کو بھی ناقابلِ استعمال بنا دیا۔ اس کارروائی میں ملزمان نے 80 لیٹر ڈیزل ضائع کیا اور موقع پر موجود عملے کو ڈرا دھمکا کر بھگا دیا، جس سے ٹھیکیدار کو تقریباً 15 لاکھ روپے سے زائد کا مالی نقصان ہوا ہے۔پولیس نے چوہدری پرویز اسلم کی مدعیت میں سابق چئیرمین یوسی لنگے شاھد اسلم بٹ سمیت 43 نامزد 15 سے 20 نامعلوم افرادجبکہ 24 نامزد خواتین اور ایک درجن نامعلوم خواتین کے خلاف دفعات 440، 341، 506، 148 اور 149 کے تحت مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔