پاکستان مسلم لیگ ن گوجرانوالہ ڈویژن کے صدر، سابق ممبر قومی اسمبلی چوہدری عابد رضا نے کہا ہے کہ ہر جنگ میں کامیابی ضروری نہیں، ایران کے 86 سالہ سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے تاریخ رقم کر دی، دنیا کی بڑی طاقتوں کو للکارا، عالم کفر کے سامنے جھکنا گوارا نہ کیا اور موت کو ترجیح دی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈیرہ کوٹلہ پر گجرات پریس کلب کے اعزاز میں گرینڈ افطار ڈنر کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، چوہدری عابد رضا کا کہنا تھا کہ ایرانی رجیم چینج دور کی بات، تصور بھی نہیں کیا جا سکتا، سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نوجوان نسل میں حق پر لڑنے کا جذبہ پیدا کر گئے، ایرانیوں سے مسلک اور ریاستی سطح پر کئی ممالک کو اختلافات ہوں گے جبکہ ایران نے عرب حکمرانوں کو بتا دیا کہ حکمرانی کیسے کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ ایران، امریکہ اور اسرائیل کی جنگ کے باعث پوری دنیا میں پیٹرول کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہو گا، پاکستان کے پاس 13 دن کا ریزرو تیل ہوتا ہے، حالیہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ بھی جنگ کے سبب ہے، آئندہ ہفتے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو 400 روپے فی لیٹر سے اوپر جاتا دیکھ رہا ہوں۔