گجرات:پاکستان مسلم لیگ ن گوجرانوالہ ڈویژن کے صدر، سابق ممبر قومی اسمبلی چوہدری عابد رضا نے کہا ہے کہ ہمارے قائد میاں نوازشریف کو سال 2017 ء میں ملک بدر کر کے تاریخ کا بڑا بلنڈر کیا گیا، ہمارا دشمن مودی بغیر سیکیورٹی کے پاکستان آ چکا تھا، دشمن اسی وقت گھر آتا ہے جب وہ پچھلے معاملات ختم کرنا چاہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈیرہ کوٹلہ پر گجرات پریس کلب کے اعزاز میں گرینڈ افطار ڈنر کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، چوہدری عابد رضا کا کہنا تھا کہ پاکستان کو بے شمار انٹرنیشنل چیلنجز کا سامنا ہے، میاں نوازشریف کی گورنمنٹ گرانے کے بعد آج تک ملک سنبھل نہیں سکا، حکومت بنانے والوں کو سوچنا چاہیے کہ کسی بھی ملک نے یہاں انویسٹمنٹ کیوں نہیں کی؟ معاشی بحران تاحال جاری ہے، انہوں نے کہا کہ ایران، امریکہ، اسرائیل جنگ کے باعث دبئی میں حملوں کے بعد ایک دوست سے پاکستان میں انویسٹمنٹ بارے بات ہوئی تو اس نے جواب دیا کہ وہ ایسا کبھی نہیں سوچے گا، دبئی کی بڑی اکانومی ہے، 2 بلین ڈالر ڈیلی آمدن ہے، جنگ سے دبئی کو فرق نہیں پڑے گا، چوہدری عابد رضا کا کہنا تھا کہ جس کی مقبولیت ہے اسے حکومت دے دی جائے تو وہ ملک نہیں چلا سکتا، ملک چلانے کیلئے سعودی عرب، قطر، یو اے ای سمیت برادر اسلامی ممالک کو ساتھ لیکر چلنا پڑتا ہے، میرے پاکستان تحریک انصاف اور چوہدری پرویز الٰہی سے ذاتی نہیں بلکہ نظریاتی اختلافات ہیں، میں نے چوہدری شجاعت حسین کی سیاست کا کبھی ذکر نہیں کیا، پاکستان مسلم لیگ ن کے ڈویژنل صدر کا کہنا تھا کہ جب تک میری زندگی ہے، اپنے ضمیر کی آواز بلند کرتا رہوں گا، لیڈر تاریخ نہیں لکھ رہے، میں اپنا کردار نبھاؤں گا۔