کل جماعتی بین الاقوامی کشمیر رابطہ کمیٹی کے زیر اہتمام 6 نومبر یوم شہدائے جموں کے حوالہ سے تقریب منعقد

برمنگھم : 6 نومبر یوم شہدائے جموں کے حوالہ سے ایک یادگار تقریب ڈربی مقامی کمیونٹی سنٹر میں انعقاد پذیر ہوئی ۔ جس کی میزبانی کے فرائض سرپرست اعلیٰ کل جماعتی بین الاقوامی کشمیر رابطہ کمیٹی مفتی فضل احمد قادری نے سرانجام دیے ۔ اس موقع پر بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے صدر کل جماعتی بین الاقوامی کشمیر رابطہ کمیٹی و صدر تحریک کشمیر برطانیہ راجہ فہیم کیانی نے اس دن کی اہمیت کو اجا گر کرتے ہوئے کہا کہ 6 نومبر 1947ء کو ڈوگرہ راجہ ہری سنگھ کی فوجوں، انتہا پسند ہندووں، آر ایس ایس اور سکھ ملیشیاؤں نے جموں سے ہجرت کر کے پاکستان جانے والے ہزاروں نہتے مسلمان مہاجرین جن میں عورتیں، بچے اور بزرگ شامل تھے کا قتلِ عام کیا۔ تاریخی روایات کے مطابق اس المناک سانحے میں تقریبا اڑھائی لاکھ سے زائد مسلمان شہید ہوئے اور لاکھوں افراد بے گھر ہوئے۔ اس دن کو کشمیری عوام اور دنیا بھر میں حامیانِ کشمیر سیاہ دن اور شہدائے جموں کی عظیم قربانیوں کی یاد کے طور پر مناتے ہیں۔ تاکہ جواں سال نسل کو اپنے بزرگوں کی لازوال قربانیوں سے آگاہ رکھا جاسکے ۔ تقریب کے اختتام پر مفتی فضل احمد قادری نے شہداء جموں و کشمیر کے قتل عام اور نسل کشی کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے شہداء کی بلندی درجات کے لیے خصوصی دعا بھی کی ۔ اس موقع پر رہنما پاکستان مسلم لیگ ن آزاد جموں و کشمیر ظلعت نعیم، رہنما تحریک کشمیر برطانیہ اعظم فاروق، عتیق الرحمن، محمد جمیل، راجہ عبد المنان، سفیر احمد اور دیگر بھی موجود تھے۔

خاص خبریں