پاکستان بار کونسل نے جے یو آئی کے سینیٹر کامران مرتضیٰ کے گھر پر پولیس ریڈ کی مذمت کی ہے۔اپنے ایک بیان میں پاکستان بار کونسل نے اورنگزیب خان کاکڑ سمیت دیگر وکلا کے گھروں اور دفاتر پر پولیس چھاپوں کی مذمت کی اور کہا کہ وکلا رہنماؤں کے خلاف ایسے اقدامات ناقابل قبول ہیں، وکلا کو سیاسی انتقام اور ہراسانی کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، سیاسی مخالفین کو جھوٹے مقدمات میں پھنسانے کی کوششیں ہو رہی ہیں۔پاکستان بار کونسل نے کہا کہ وفاقی حکومت اور حکومت بلوچستان پولیس چھاپوں کا فوری نوٹس لیں، چھاپوں میں ملوث ذمہ داروں کی نشاندہی کرکے قانونی کارروائی کی جائے، وکلا اور بار رہنماؤں کی عزت و خودمختاری کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔پاکستان بار کونسل کے مطابق وکلا کے خلاف ایسے ہتھکنڈے دوبارہ نہیں دہرائے جانے چاہئیں، ذمہ داروں کا احتساب نہ ہوا تو وکلا آئندہ لائحہ عمل طے کریں گے۔