دی ہیگ : ہالینڈ میں رحمتہ اللعالمین کی ولادت عید میلادالنبی کے موقع پر مساجد میں شاندار تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ منہاج القران دی ہیگ کے مرکز میں بھی 12 دن متواتر تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ 12 ربیع الا ول کے موقع پر بھی سرکار سید الانبیاء کی ولادت کی خوشی میں بہت بڑے جشن کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب کا آغاز حافظ عبدالصمد مہروی نے تلاوت قران پاک سے کیا۔ میزبانی کے فرائض علامہ یاسر نسیم نے بڑی عمدگی سے کیے اور سرکار مدینہ کے حضور شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔ بین الاقوامی شہرت یافتہ نعت خواں شہباز قمر آفریدی نے نہایت شاندار نعت خوانی کر کے ماحول کو پر نور کردیا اور سامعین سے بہت داد حاصل کی۔ فرانس سے آئے ہوئے معروف عالم دین علامہ حسن میر قادری نے خطاب کرتے کہا کہ آپ تمام جہانوں کے لیے رحمتہ اللعالین بن کر تشریف لائے۔ انھوں نے نعت رسول کے فیوض و برکات کے ساتھ کردار میں خوشبوئے رسول کا ذکر کیا۔ روٹرڈیم سے آئے ہوئے عالم دین علامہ احمد رضا قادری نے بھی سیرت النبی پر بات کی۔ مقامی نعت خواں بلبل باغ رسالت حاجی محمد صادق بٹ نے بڑی خوش الحانی سے حسنین کریمین کے نانا کے حضور سلام پیش کیا۔ حاجی محمد سعید مہر اوردیگر مقامی نعت خوانان نے نعتیہ گلہائے عقیدت پیش کیے۔ تقریب میں سینکڑوں عاشقان رسول نے فیملی کے ساتھ شرکت کی۔ اس موقع علمائے اکرام اور حاضرین مل کر کیک بھی کاٹا۔