یو ایس اوپن: ٹینس کورٹ میں ’بھنگ‘ کی شدید بو، سبالینکا کو میچ روکنا پڑ گیا

یو ایس اوپن میں عالمی نمبر ایک ٹینس اسٹار آرینا سبالینکا کو کورٹ میں ’بھنگ‘ کی بو پھیلنے پر میچ روکنا پڑ گیا۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق آرینا سبالینکا کو تیسرے راؤنڈ کے میچ کے دوران ایک غیر معمولی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا جب اسٹیڈیم میں بھنگ کی شدید بو پھیلنے پر انہوں نے امپائر کی توجہ اس جانب دلائی۔لوئس آرمسٹرانگ اسٹیڈیم میں ازبکستان کی کامیلا راخیمووا کے خلاف میچ کے دوران سبالینکا نے دوسرے سروس گیم میں کھیل کچھ دیر کے لیے روک کر امپائر ایوا اسدراکی مور سے شکایت کی۔انہوں نے کہا کہ بو بہت تیز ہے اور امپائر سے اسے دور کرنے کے لیے کارروائی کی درخواست کی۔سبالینکا نے میچ کے بعد واضح کیا کہ انہیں لوگوں کے تفریح کرنے یا بھنگ استعمال کرنے پر اعتراض نہیں تاہم ان کی خواہش ہے کہ شائقین ٹینس کورٹ کے قریب ایسا نہ کریں کیونکہ اس سے کھیل پر توجہ مرکوز کرنا مشکل ہوجاتا ہے۔واضح رہے کہ نیویارک میں 21 سال سے زائد عمر افراد کے لیے تفریحی طور پر بھنگ کا استعمال قانونی ہے تاہم یو ایس اوپن کے احاطے میں سگریٹ نوشی کی اجازت نہیں ہے۔سبالینکا کے مطابق تیز ہوا کے باعث باہر سے آنے والی بو اسٹیڈیم تک پہنچی۔انہوں نے کہا کہ وہ ٹورنامنٹ کے دوران پہلے بھی ایسی بو محسوس کرچکی ہیں مگر اس مرتبہ شدت غیر معمولی تھی۔