فیفا ورلڈکپ: پیراگوئے نے ترکی کو شکست دے کر ایونٹ سے باہر کردیا

پیراگوئے نے شاندار دفاعی کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے فیفا ورلڈ کپ 2026 میں ترکی کو 0-1 سے شکست دے دی۔میچ میں ایک کھلاڑی کی کمی کے باوجود پیراگوئے کی ٹیم نے بھرپور مزاحمت کی اور برتری برقرار رکھنے میں کامیاب رہی۔میچ کا واحد اور فیصلہ کن گول مڈفیلڈر میٹیاس گالارزا نے میچ کے آغاز کے صرف 64ویں سیکنڈ میں اسکور کیا۔انہوں نے تقریباً 25 میٹر دور سے زوردار شاٹ لگا کر گیند جال میں پہنچائی جو اب تک کے ٹورنامنٹ کا تیز ترین گول بن گیا ہے۔اس سے چند گھنٹوں قبل ہی اسکاٹ لینڈ کے خلاف مراکش کے اسماعیل سیباری نے 71ویں سیکنڈ میں گول کرکے ریکارڈ بنایا تھا۔پیراگوئے کو پہلے ہاف کے اضافی وقت میں بڑا دھچکا اس وقت لگا جب مڈفیلڈر میگوئل المیرون کو براہ راست ریڈ کارڈ دکھا دیا گیا۔وہ ورلڈ کپ میں منہ پر ہاتھ رکھ کر بات کرنے کے نئے نافذ کردہ ضابطے کے تحت سزا پانے والے پہلے کھلاڑی بنے۔دس کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے کے باوجود پیراگوئے نے ترکی کے مسلسل حملوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور برتری برقرار رکھی۔یہ فتح امریکا کے ہاتھوں افتتاحی میچ میں 1-4 کی بھاری شکست کے بعد پیراگوئے کے لیے ایک شاندار واپسی ثابت ہوئی۔