ٹیکنالوجی کمپنی سام سنگ نے اپنی دو آگمنٹڈ ریئلٹی (اے آر) ایپس اے آر ڈُوڈل اور کوئک میژر کو بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کمپنی کے مطابق دونوں ایپس کو 31 دسمبر 2026 کے بعد گلیکسی ایپ اسٹور سے ڈاؤن لوڈ نہیں کیا جا سکے گا۔سام سنگ نے اس حوالے سے گلیکسی ایپ اسٹور پر دونوں ایپس کے چینج لاگز اپ ڈیٹ کرتے ہوئے صارفین کو ان کی بندش سے آگاہ کیا ہے۔ تاہم، بعض نئی ڈیوائسز پر یہ ایپس پہلے ہی دستیاب یا سپورٹڈ نہیں ہیں، جن میں گلیکسی زیڈ فولڈ 8 بھی شامل ہے۔اے آر ڈُوڈل صارفین کو فون کے کیمرے کے ذریعے ہوا میں ورچوئل ڈرائنگ بنانے کی سہولت دیتی ہے۔ یہ ڈرائنگ چہرے یا دیگر اشیا کے ساتھ منسلک رہتی ہے جبکہ اسٹائلس سپورٹ کرنے والے فونز پر اسٹائلس بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔دوسری جانب کوئک میژر کی مدد سے فون کے کیمرے کے ذریعے بڑی اشیاء، دیواروں اور دیگر جسمانی چیزوں کے اندازاً سائز اور فاصلے کی پیمائش کی جا سکتی ہے۔سام سنگ کے مطابق 31 دسمبر 2026 کے بعد دونوں ایپس کی نئی ڈیوائسز پر دستیابی ختم ہوجائے گی اور مستقبل کے آپریٹنگ سسٹم ورژنز میں بھی انہیں سپورٹ نہیں کیا جائے گا۔ امکان ہے کہ یہ تبدیلی ون یو آئی 9 کے مستحکم ورژن کے ساتھ مزید نمایاں ہو۔البتہ، جن صارفین کے فون میں یہ ایپس پہلے سے انسٹال ہیں وہ ممکنہ طور پر ان کا استعمال جاری رکھ سکیں گے جب تک ان کے ڈیوائس کا سافٹ ویئر انہیں سپورٹ کرتا رہے۔