مفاد عامہ کے منصوبوں پر رکاوٹ برداشت نہیں کرینگے:شافع حسین

گجرات(نمائندہ خصوصی) صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے کہاہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے گزشتہ دو سال کی مدت میں ریکارڈ ترقیاتی منصوبے مکمل کئے ہیں،حکومت کے بے مثال فلاحی پروگراموں سے عوام کی بڑی تعداد مستفید ہو رہی ہے۔وزیر اعلیٰ پنجاب کے فراہم کردہ فنڈز سے گجرات میں بھی ریکارڈ ترقیاتی سکیموں پر کام جاری ہے۔مفاد عامہ کی سکیموں کیلئے کثیر فنڈز کی فراہمی پر وزیر اعلیٰ پنجاب کا مشکور ہوں۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے ڈپٹی کمشنر آفس گجرات میں بریفنگ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ گجرات میں نئے ہسپتال بن رہے ہیں اور تعلیمی اداروں کو اپ گریڈ کیا جارہا ہے۔عوام کو تفریحی سہولیات کی فراہمی کیلئے پارکوں کو بھی اپ گریڈ کیا گیا ہے،کروڑوں روپے کی لاگت سے روڈ انفراسٹرکچر کو بہتر بنایا جا رہا ہے۔سروس موڑ بریج اپریل کے آخر میں ٹریفک کیلئے کھول دیا جائے گا۔تقریباً 15 سال بعد اڑھائی کروڑ روپے کی لاگت سے شہر کو ٹریفک لائٹس کا مستقبل نظام دے رہے ہیں،گجرات میں نئی انڈسٹریل اسٹیٹ بھی بنے گی،کسی بھی کام سے نتائج کے حصول کیلئے فالو اپ ضروری ہے۔چوہدری شافع حسین نے سرکاری اداروں کے افسران ترقیاتی سکیموں کی بروقت،معیاری اور شفاف تکمیل کو یقینی بنانے اور گجرات شہر میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت نے کہاکہ ڈپٹی کمشنر گجرات نور العین اور ان کی ٹیم ترقیاتی سکیموں کی بروقت تکمیل کیلئے سخت محنت کر رہی ہے۔مفاد عامہ کی سکیموں میں کسی صورت وسائل کی کمی کو آڑے نہیں آنے دیں گے۔چوہدری شافع حسین نے کہاکہ چوہدری ظہور الٰہی شہید نے ہمیشہ برداشت، خدمت اور رواداری کی سیاست کی ہے۔پاکستان مسلم لیگ کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے بھی چوہدری ظہور الٰہی شہید کی خدمت اور رواداری کی سیاست کو آگے بڑھایا ہے اور ہم بھی انہی کی سیاست کو لے کر آگے چل رہے ہیں۔ترقیاتی اداروں کے سربراہان نے ترقیاتی سکیموں پر پیش رفت بارے صوبائی وزیر کو تفصیلی بریفنگ دی۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے بعد ازاں عزیز بھیٹی شہید ٹیچنگ ہسپتال کا بھی دورہ کیا۔صوبائی وزیر مختلف وارڈز میں گئے اور مریضوں کی خیریت دریافت کی۔زیر علاج مریضوں اور ان کے تیمار داروں سے طبی سہولیات کے بارے دریافت کیا مریضوں نے علاج معالجے کی سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا۔چوہدری شافع حسین نے کہاکہ ہسپتال کی مکمل عمارت کو لوگوں کے علاج معالجے کیلئے پوری طرح استعمال میں لایا جائے گا۔ہسپتال کے ایم ایس،ڈاکٹروں اور دیگر سٹاف نے ہسپتال میں دستیاب طبی سہولیات بارے آگاہ کیا۔صوبائی وزیر اعظم رحمانی کی رہائش گاہ پر بھی گئے اور ان سے انکی اہلیہ اور کزن کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا۔صوبائی وزیر نے مرحومین کے درجات کی بلندی کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی۔