گجرات: یوم یکجہتی کشمیر ‘ عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلی اور واک کا انعقاد ‘ سینکڑوں افراد کی شرکت

گجرات:پانچ فروری یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر ضلعی انتظامیہ گجرات کے زیر اہتمام کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ریلی اور واک کا انعقاد کیا گیا ریلی کا آغاز ڈپٹی کمشنر آفس سے ہوا جو مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی اسسٹنٹ کمشنر آفس گجرات پر اختتام پذیر ہوئی ریلی کی قیادت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو گجرات وقاص صفدر سکندری اور رکن صوبائی اسمبلی سید مدد علی شاہ نے کی جبکہ چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر سید عطاءالم±نعم، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن ظفر عباس، ڈسٹرکٹ آفیسر پاپولیشن عمر فاروق، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر غمخوار حسین شاہ سمیت مختلف محکموں کے افسران شریک ہوئے۔ واسا، ریسکیو 1122، انجمن تاجران اور شہری تنظیموں کے نمائندگان نے بھی بھرپور شرکت کی ریلی میں طلبہ، سول سوسائٹی، تاجر برادری اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ شرکاءنے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت اور بھارتی مظالم کے خلاف نعرے درج تھے۔ شرکاء کی جانب سے کشمیر بنے گا پاکستان کے فلک شگاف نعرے بھی لگائے گئے۔اس موقع پر مقررین نے کہا کہ پاکستانی قوم کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے حقِ خودارادیت کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ یومِ یکجہتی کشمیر منانے کا مقصد عالمی برادری کو یہ پیغام دینا ہے کہ مسئلہ کشمیر اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے۔ریلی کے اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی اور کشمیری شہداءکے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔