گجرات میں صنعتی نمائش کا دوسرا یوم: خواتین کی بڑی تعداد کی آمد‘ سٹالز کا وزٹ‘ مصنوعات میں دلچسپی

گجرات:صنعتی نمائش کے دوسرے روز بھی بارش کے باوجود وفود کی دن بھر آمد جاری رہی خواتین اور فیملیز کی طرف سے سٹالز کا وزٹ اور مقامی تیار کردہ اشیاءمیں دلچسپی کا اظہار کیا اس سے قبل گزشتہ روز صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے لیڈیز اینڈ چلڈرن پارک گجرات میں پہلی سالانہ تین روزہ ویمن صنعتی نمائش کا افتتاح کیا تھایہ نمائش ویمن چیمبر آف کامرس گجرات اور ایوانِ صنعت و تجارت گجرات کے باہمی اشتراک سے منعقد کی گئی۔ صوبائی وزیر نے نمائش میں قائم مختلف سٹالز کا معائنہ کیا اور خواتین کی جانب سے تیار کردہ مصنوعات میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر گجرات نورالعین قریشی، صدر ویمن چیمبر صائمہ سرفراز، وقار بٹ اور صدر پاکستان مسلم لیگ (گجرات سٹی) علی ابرار جوڑا بھی ان کے ہمراہ تھے۔صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین نے کہا کہ گجرات میں پہلی بار ویمن چیمبر کے زیر اہتمام اس نوعیت کی شاندار صنعتی نمائش کا انعقاد خوش آئند ہے۔ انہوں نے کامیاب انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی خواتین باصلاحیت ہیں اور ہر شعبے میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا چکی ہیں۔انہوں نے کہا کہ خواتین ہمارے معاشرے کا اہم حصہ ہیں اور انہیں ترقی کے دھارے میں شامل کیے بغیر قومی ترقی ممکن نہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف خواتین کی ترقی کے لیے خصوصی اقدامات کر رہی ہیں اور لاہور کے بعد گجرات میں بھی ویمن بزنس انکیوبیشن سینٹر قائم کیا جا رہا ہے، جبکہ ملتان، راولپنڈی، رحیم یار خان اور دیگر شہروں میں بھی ایسے مراکز بنائے جائیں گے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ چوہدری شجاعت حسین نے ہمیشہ عوامی خدمت اور رواداری کی سیاست کو فروغ دیا، اور ہم اسی وڑن کو آگے لے کر چل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گجرات میں اربوں روپے کی لاگت سے ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے اور شہر کی ترقی کا نقشہ تبدیل کیا جائے گا۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان ہم سب کا ہے اور اس کی ترقی کے لیے اجتماعی کاوشیں ضروری ہیں۔ شہریوں سے اپیل کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ نمائش میں بھرپور شرکت کریں اور ملکی مصنوعات کے فروغ میں اپنا کردار ادا کریں۔آخر میں صوبائی وزیر نے نمائش کے انتظامات کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت بھی جاری کی۔